• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بغیر کسی وارننگ لاٹھی چارج اور آنسوگیس کی شیلنگ شروع کی گئی، امین الحق

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ ہم وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے پر امن احتجاج کررہے تھے، بغیر کسی وارننگ لاٹھی چارج اور آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کی طرف سے بلدیاتی قانون کے خلاف نکالی گئی ریلی پر پولیس کی جانب سے شیلنگ کرنے پر وفاقی وزیر امین الحق کا ردعمل سامنے آگیا۔

 جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امین الحق نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں بات چیت کرنا چاہتے ہیں، احتجاج کرنا آئینی حق ہے، بلدیاتی قانون کے خلاف عوام مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔

امین الحق نے کہا کہ ہم انتہائی پر امن طریقے سے وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے تھے، ریلی پر طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا، بغیر وارننگ ریلی پر شدید شیلنگ کی گئی۔

واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم ) کی کراچی میں احتجاجی ریلی بلدیاتی قانون کے خلاف نکالی گئی، پولیس کی جانب سے وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔

ایم پی اے صداقت حسین شیلنگ کے باعث زخمی ہوگئے، پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

میٹروپول سگنل پر پولیس نے ایم کیو ایم کارکنوں کو وزیراعلیٰ ہاؤس جانے سے روکنے کی کوشش کی۔

ریلی کی قیادت وسیم اختر اور عامر خان کررہے تھے۔

قومی خبریں سے مزید