آسکر اکیڈمی ایوارڈ اپنے نام کرنے والی پاکستانی ہدایتکارہ شرمین عبید چنائے اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نےمل کر پاکستان کرکٹ کی 70 سالہ شاندار تاریخ پر دستاویزی فلم تیار کرلی ہے۔
اس دستاویزی فلم کے حوالے سےجاری کی گئی ایک پریس ریلیز کے مطابق، اس دستاویزی فلم میں پاکستان کرکٹ کی 70 سالہ شاندار تاریخ کو دِکھایا گیا ہے، فلم کا آغاز 1952 میں پاکستان کے ڈیبیو میچ سے کیا گیا ہے اور دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگز میں سے ایک ایچ بی ایل پی ایس ایل کے قیام تک کے مناظر دِکھائے گئے ہیں۔
دستاویزی فلم ان تمام شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جن کی شاندار کارکردگی نے پاکستان کو کھیلوں کی دنیا میں بہت عمدہ انداز میں پیش کیا۔
اس کےعلاوہ اُن کھلاڑیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا جوکہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مشعل راہ بنے کہ کوئی بھی کرکٹ ٹورنامنٹ ’گرین شرٹس‘ کے بغیر مکمل نہیں۔
یہ دستاویزی فلم پاکستان کرکٹ کے مشکل حالات اور بلندیوں کہانی بیان کرتی ہے۔ فلم میں ٹیم کی ایسے مشکل حالات سے نکل کر شاندار واپسی کے مناظر بھی دِکھائے گئے ہیں کہ جب ماہرین نے ملک میں کرکٹ کے اختتام کی پیش گوئی کردی تھی۔
پاکستان کے کرکٹ کے ساتھ گہرے رشتے کو ظاہر کرنے والے درج ذیل چند اہم لمحات بھی اس فلم کا حصّہ ہیں۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے اس فلم کے بارے میں کہنا ہے کہ’اُن کے لیے اس فلم کا حصّہ بننا فخریہ اور یادگار لمحہ تھا‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’اُن کا ذاتی سفر پاکستانی کرکٹ کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ وہ اِن تمام مختلف کرداروں میں مثبت طور پر حصّہ ڈالنے کے قابل ہیں‘۔
جبکہ شرمین عبید چنائے کا فلم کے بارے میں کہنا ہے کہ ’پاکستان کا کرکٹ کے لیے جنون بے مثال ہے‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’ یہ پراجیکٹ بطور مداح اُن کے دل کے بہت قریب تھا، جو کہ اس کھیل کے ساتھ ہماری وابستگی کی ایک علامت ہے‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’اُن کے لیے یہ کہانی سنانے اور دِکھانے کے قابل ہونا ایک خوشی کی بات ہے‘۔
یہ ستاویزی فلم ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 7ویں ایڈیشن کے دوران مختلف ٹی وی چینلز اور اسٹیڈیمز میں دکھائی جائےگی۔