• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ جعلی، وہ بیماریاں بھی ہوگئیں جو صرف عورتوں کو ہوتی ہیں، وفاقی وزراء

اسلام آباد(ایجنسیاں)لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی جمع کرائی میڈیکل رپورٹ پر نئی بحث چھڑگئی ‘وفاقی وزراء نے میڈیکل رپورٹ کوجعلی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ نواز شریف کے نئے ڈاکٹرکا تعلق بھی ہندوستان سے ہے ‘.

 ڈاکٹر کے مطابق ان کو وہ بیماریاں بھی ہو گئی ہیں جو صرف عورتوں کو ہوتی ہیں‘یہیں تک نہیں بلکہ ڈاکٹرنے بالواسطہ طورپر یہ کہنے کی کوشش کی ہے کہ میاں صاحب کی شادی بھی کروائی جائے ‘ اشتہاری ایک بار پھر پاکستانی عوام کو دھوکہ دے رہا ہے‘ان کے واپس آنے کی باتیں جھوٹ ثابت ہوگئیں‘ لگتا ہے وہ کوئی بڑا دھماکہ کرنے والے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارمعاون خصوصی ڈاکٹرشہبازگل ‘ وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین ‘وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب اور وفاقی وزیربحری امور علی زیدی نے اپنے ردعمل میں کیا۔چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ امریکا میں بیٹھے ہوئے اپنے ذاتی معالج سے جعلی میڈیکل رپورٹس تیار کروا کر پاکستان بھجوانا پاکستان کے عدالتی نظام اور قوانین کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے‘شریف فیملی جعلی میڈیکل رپورٹس بھیجنے کا سلسلہ بند کرے، آسان راستہ یہی ہے کہ وہ پاکستان کے لوگوں کا پیسہ واپس کریں‘ اس کے بعد وہ لندن میں رہیں، جعلی رپورٹیں بھجوانے سے ان کا مقصد پورا نہیں ہوگا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

 وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس رپورٹ میں واشنگٹن میں مقیم ڈاکٹر شال نے لندن میں مقیم نواز شریف کے بارے میں لکھا کہ وہ دبائو کا شکار ہیں اور کووڈ 19 کی وجہ سے نواز شریف کی حالت ایسی نہیں کہ وہ پاکستان کا سفر کر سکیں۔ رپورٹ میں صرف یہی کمی ہے کہ نواز شریف کو ہائیڈ پارک کے علاوہ کسی دوسری جگہ واک کرنے کی بھی اجازت نہیں، اس سے ان کے اسٹریس میں اضافہ ہوگا۔

دریں اثناءڈاکٹرشہباز گل نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ بنانے والے ڈاکٹر کا تعلق بھارت سے ہے‘ڈاکٹرکو لکھنا چاہئے تھا کہ مریض کے دل کو خوش رکھنے کیلئے ان کو فورا وزیراعظم بنایا جائے اور دو تہائی اکثریت دلوائی جائے،لندن میں10مہنگے اپارٹمنٹس لے کر دیے جائیں اور سیکورٹی اداروں ، ججز کو برا بھلا کہنے کی بھی اجازت دی جائے‘ .

اب تو نواز شریف کے ڈاکٹر کے مطابق ان کو وہ بیماریاں بھی ہو گئی ہیں جو صرف عورتوں کو ہوتی ہیں، لگتا ہے نواز شریف صاحب کوئی بڑا دھماکہ کرنے والے ہیں۔شہباز گل نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ابھی معلوم ہوا کہ برطانیہ میں دل کے تمام ڈاکٹرز فوت ہوچکے ہیں اس لیے نوازشریف نے ایک پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کو لندن بلوا کر اپنا معائنہ کرا کے مرضی کا خط لکھوایا۔

نے لیگی قیادت سے سوال کیا کہ کیا ہمیشہ کی طرح یہ رام کہانی بھی ہندوستان نے لکھوا کر دی ہے؟ کیونکہ ڈاکٹر صاحب کا تعلق اصل میں ہندوستان سے ہیں، جن کے ماضی میں کچھ کارنامے اخبارات میں بھی شائع ہوچکے ہیں۔علاوہ ازیں فرخ حبیب نے کہاہے کہ ساری دنیا کو بتایا گیا کہ نواز شریف کے ڈاکٹرز لندن میں موجود ہیں اور اب میڈیکل رپورٹ امریکا کے ڈاکٹر سے لکھوا لی ہے۔

منگل کو اپنے بیان میں فرخ حبیب نے کہاکہ اس رپورٹ کے بعد ن لیگ کے ان تمام رہنمائوں کے بیانات جھوٹ ہوگئے جو کہہ رہے تھے میاں صاحب واپس آرہے ہیں جبکہ رپورٹ یہ بیان کررہی ہے کہ نوازشریف کو جیل جانے سے ڈر لگتا ہے۔مزیدبرآں امور علی زیدی نے کہا ہے کہ ایک اشتہاری فوجداری مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے بزدلی کا مظاہرہ کررہا ہے

انہوں نے مزید کہا کہ خط میں ایسا کوئی ذکر نہیں کہ گزشتہ دوسالوں میں لندن میں نوازشریف کا کوئی میڈیکل ٹیسٹ ہوا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشتہاری ایک بار پھر پاکستانی عوام کو دھوکہ دے رہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید