• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور بھارت کے شہرت یافتہ فنکار جان سے مارنے کی دھمکیوں اور تشدد کا شکار

کراچی(رپورٹ/اختر علی اختر)پاکستان اور بالی ووڈ کی ایکشن فلموں میں قتل وغارت گری اور تشدد کی بھرپورعکاسی کی جاتی ہے، فلم کا ہیرو سینکڑوں لوگوں کو مارپیٹ کے بھگا دیتا ہے اور اُسے خود کوئی نقصان نہیں پہنچتا، لیکن اس کے برعکس کبھی کبھی عام زندگی میں یہ پردہ سیمیں پر ماردھاڑ کرنے والے فنکار خود بھی جان سے مارنے کی دھمکیوں اور شدید تشدد کا نشانہ بن جاتے ہیں۔ گزشتہ دو تین ماہ میں تشدد اور فنکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کے مختلف واقعات سامنے آئے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے شہرت یافتہ فنکار آج کل،جان سے مارنے کی دھمکیوں اور تشدد کا شکار نظر آتے ہیں۔ انڈین فلموں کے کِنگ خان شاہ رُخ،بالی ووڈ کے بھائی جان، سلمان خان،موسیقی کے سپراسٹار بادشاہ،گینگسٹر کے نشانے پرآگئے ہیں۔ پاکستان میں بھی فلم اسٹار نرگِس اورعائشہ جہانزیب پر غیر معمولی تشدد سے فنکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ماضی میں بھی بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ دیویا بھارتی اور پاکستان کی خُوبصورت اداکارہ نادرہ کے قاتلوں کا تاحال سراغ نہ مل سکا۔ پنجابی فلموں کے کِنگ سلطان راہی کو بھی ڈاکوؤں نے اسلام آباد سے لاہور آتے ہوئے قتل کردیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس دھمکیوں کا یہ سلسلہ بالی ووڈ کے سپراسٹار سلمان خان سے شروع ہوا تھا، بھارت کے بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی نے سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے کی ذمے داری قبول کی تھی اور اب اُسی گینگسٹر نے نامور بھارتی ریپر اور گلوکار بادشاہ کو بھی نشانے پر لے لیا ۔ بھارتی شہر چندی گڑھ میں گلوکار بادشاہ کے کلب کے باہر گزشتہ روز ایک دھماکہ ہوا، جس کی ذمے داری لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے سے بادشاہ کے نائٹ کلب کے سامنے والے حصے کو نقصان پہنچا اور ریسٹورنٹ کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ تاہم گلوکار بادشاہ نے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ قبل ازیں بالی ووڈ کے سپراسٹار شاہ رُخ خان کو بھی کئی مرتبہ جان سے مارنے کی دھمکی کے پیغامات موصول ہوئے تھے اور دھمکی دینے والوں نے اُن سے 50لاکھ بھارتی روپوں کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ شاہ رُخ خان کو گزشتہ برس بھی جان سے مارنے کی دھمکی اُس وقت ملی تھی ، جب وہ اپنی دو فلموں پٹھان اور جوان کی کامیابیوں کی خوشیاں منارہے تھے۔ اس واقعے کے بعد بمبئی پولیس نے کنگ خان کو سخت سیکورٹی مہیا کردی تھی، 6مسلح اہلکار اُن کے ساتھ ہروقت موجود ہوتے ہیں۔ اداکار سلمان خان کو30اکتوبر کو ایک دھمکی موصول ہوئی تھی جس میں2کروڑ بھارتی روپوں کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ بھارت کے صفِ اول کے عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کے واقعات کی وجہ سے بالی ووڈ کے فنکاروں اور ان کے مداحوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ دوسری جانب پچھلے دنوں پاکستان میں بھی فنکاراؤں پر تشدد2 واقعات پیش آئے، پہلے ٹیلی ویژن کی معروف اینکر عائشہ جہانزیب پر اُن کے شوہر نے مبینہ تشدد کیا، جس کی ویڈیو خود عائشہ جہانزیب نے اَپ لوڈ کی، معاملہ عدالت تک پہنچا۔
اہم خبریں سے مزید