اسلام آباد(صالح ظافر) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، جو اپنے روسی ہم منصب کی دعوت پر ماسکو کے سرکاری دورے پر ہیں، نے بدھ کے روز ماسکو کیتھیڈرل مسجد میں روسی کونسل آف مفتیزکے ڈپٹی چیئرمین دامیر موختدینوف سے ملاقات کی۔ اسپیکر نے پاکستان اور روس کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے روس کے مسلم دنیا کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات کو سراہا۔ اسپیکر نے اسلاموفوبیا پر روس کے مؤقف اور مقدس مذہبی شخصیات کے احترام کے بارے میں صدر پیوٹن کے بیان کا خیرمقدم کیا۔ قبل ازیں اسپیکر نے ماسکو میں کریملن کی دیوار کے قریب الیگزینڈر گارڈن میں دوسری جنگ عظیم کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ʼنامعلوم سپاہی کی قبر‘ پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر انکے ہمراہ روسی ڈوما کی کمیٹی برائے سیکیورٹی اور انسداد بدعنوانی کے چیئرمین، واسلی پِسکاروف بھی موجود تھے۔ اسپیکر اور پارلیمنٹرینز کا وفد اس وقت ڈوما کے چیئرمین ویچسلاو وولودن کی دعوت پر روسی فیڈریشن کے دورے پر ہے۔