• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریما خان کی ڈاکٹر سے شادی کو 13 سال مکمل، واشنگٹن میں رنگارنگ تقریب

کراچی(افضل ندیم ڈوگر)اداکارہ ریما خان کی دل کے ڈاکٹر سے شادی کو 13سال مکمل، واشنگٹن میں رنگارنگ تقریب افضل ندیم ڈوگر معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان کی دل کے ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کی 13ویں سالگرہ کی پروقار اور رنگارنگ تقریب امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں میں منعقد ہوئی جس میں پاکستانی سفیر سمیت مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اداکارہ ریما خان اور طارق شہاب کی شادی 22 نومبر کو ہوئی تھی۔ شادی کی سالگرہ کی تقریب میں پاکستانی اور امریکی دوستوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسٹر رضوان سعید شیخ اور اُن کی اہلیہ مسز لبنیٰ شیخ، امریکا کے معروف تاجر سیمان اور اُن کی اہلیہ ارم، مشہور اینٹیرئیر ڈیکوریٹر فاخرہ خالداور اُن کی دوستوں، ٹی سی ایف کوآرڈی نیٹر برائے امریکا شمی قدوائی اور مسٹر شکیل قدوائی، سندھ کے وزیرصحت سعد خالد نیاز کی ہمشیرہ شہاب صائمہ ناز، واشنگٹن ڈی سی کے ممتاز اینستھیاسیالوجسٹ ڈاکٹر طلحہ صدیقی، واشنگٹن ڈی کی ممتاز تاجر شفقت چوہدری اور اُن کی اہلیہ مسز ثروت شفقت، ڈاکٹر صبا نواب اور ڈاکٹر حبیب چھوٹانی، آصفہ بٹ اور میڈی سولو کے ڈاکٹر زاہد بٹ بھی تقریب میں نمایاں رہے۔ ریما خان کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر بھارت کے شہر حیدرآباد سے اُن کے خاندانی رشتے دار شہنور خان اپنی فیملی کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوئے۔ شرکت کرنے والے زیادہ تر لوگوں نے اس تقریب کو سب سے زیادہ دلکش تقریب قرار دیا۔ ایک مہمان کا کہنا تھا کہ جس ہال میں تقریب منعقد ہوئی وہاں مہمانوں میں پیار و محبت عروج پر تھا۔ ہال کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ ڈاکٹر طارق شہاب نے ریما کے بارے میں نمائندہ سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ریما ایک عظیم انسان ہیں اور وہ انہیں اپنی زندگی میں پاکر بہت خوش قسمت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریما کی ایک دوست نے بتایا کہ ’’طارق بھائی! آپ نے جیک پاٹ جیت لیا ہے۔‘‘ جس سے ڈاکٹر طارق شہاب بھی متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریما خان کی شخصیت عجز و انکساری کا پیکر ہیں۔ ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق ان کی ہم سفر نے کبھی یہ محسوس نہیں ہونے دیا کہ وہ ایک مشہور شخصیت ہے۔ وہ پہلے دن سے ہی اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ بہت خوبصورتی سے گھل مل گئیں۔ اس موقع پر اداکارہ ریما خان نے کہا کہ طارق کو اپنی زندگی میں پا کر وہ خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ طارق نے اپنے والد کی دیکھ بھال کیسے کی جب وہ کووڈ میں مبتلا تھے اور پچھلے سال جب ان کے دل کے والوو کی سرجری ہوئی تھی۔ ان کے والد طارق کی تعریفیں کرتے نہیں تھے اور اُنہیں خوب دعائیں دیتے ہیں حتیٰ کہ اپنے بچوں سے بھی زیادہ پیار دیتے ہیں۔ پاکستانی سفیر رضوان شیخ نے اس خوبصورت جوڑے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ جوڑا جہاں بھی جاتا ہے، حقیقی معنوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے۔ وہ ایک بااثر ’’طاقت جوڑا‘‘ ہے اور ان دونوں کی شخصیت بہت شاندار ہے۔ انہوں نے ریما اور پاکستان کی ٹی وی اور فلم انڈسٹری اور ان کے بہت سے سماجی کاموں کے حوالے سے بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شہاب ماہر امراض قلب ہیں اور انہوں نے اپنے خاندان کے کئی افراد سمیت پاکستان کے بہت سے مریضوں کی دیکھ بھال کی ہے۔ تقریب کی شام سحر انگیز اور مسحور کن تھی۔ تقریب کی خاص بات شیری رضا نے اپنی سریلی آواز میں گیتوں سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ ریما اور ڈاکٹر شہاب نے سفیر پاکستان اور ان کے دوستوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی سالگرہ میں شرکت کی اور اس دن کو ایک یادگار دن بنا دیا۔
اہم خبریں سے مزید