• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قطری خط بنانیوالا ہی نواز کی میڈیکل رپورٹس کا ہدایتکار ،فرخ حبیب

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا ہدایت کار وہی ہے جس نے قطری خط بنایاتھا، نواز شریف ایئرایمبولینس کے ذریعہ باہر گئے واپس بھی ایئر ایمبولینس سے آسکتے ہیں، نواز شریف کو ٹاکٹسوبوسنڈرومنامی بیماری ہے جو عموماً خواتین کو ہوتی ہے ،کورونا کے دوران مسلم لیگ ن کی حکومت ہوتی تو لوگ بھوکے مر رہے ہوتے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما محمد زبیر اور پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ بھی شریک تھیں۔محمد زبیر نے کہا کہ حکومت معتبرڈاکٹر کی رپورٹ تسلیم نہیں کرتی تو اس کا کوئی علاج نہیں ہے،یہ سیاست میں نوازشریف کا فعال کردار ختم کرناچاہتے ہیں، حکومت کی معاشی پالیسیوں نے امیر طبقہ کو مزید امیر بنادیا ہے۔ناز بلوچ نے کہا کہ حکومت نے اطمینان کرنے کے بعد ہی نواز شریف کو علاج کیلئے باہر بھیجا تھا، پیپلز پارٹی کی قیادت ملک کے اندر رہ کر سختیاں جھیلتی ہے، حکومت کی کوئی معاشی پالیسی نہیں ہر چھ ماہ بعد وزیرخزانہ تبدیل کردیا جاتا ہے۔وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف کو ٹاکٹسوبوسنڈرومنامی بیماری ہے جو عموماً خواتین کو ہوتی ہے پتا نہیں ان کو یہ بیماری کیسے ہوگئی، پہلے بتایا جاتا رہا کہ نواز شریف کا علاج لندن میں ہورہا ہے اور ان کے تمام ڈاکٹرز لندن میں ہیں، آج ہمیں پتا چلا کہ نواز شریف کا اصل معالج امریکا میں بیٹھا ہوا ہے، نواز شریف کو لندن میں دو سال ہوگئے کیا وہاں سرجریز نہیں ہورہی ہیں، جب بھی نواز شریف کی واپسی کی بات ہوتی ہے تو مشکوک میڈیکل رپورٹس آجاتی ہیں۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایئرایمبولینس کے ذریعہ باہر گئے واپس بھی ایئر ایمبولینس سے آسکتے ہیں، یہ میڈیکل رپورٹس کہتی ہیں نوازشریف سفر نہیں کرسکتے جبکہ ایاز صادق کہتے ہیں نواز شریف آنے والے ہیں، نواز شریف کو جو بیماریاں آج ہیں 2008 ء میں بھی تھیں، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا ہدایت کار وہی ہے جس نے انہیں قطری خط اور جعلی ٹرسٹ ڈیڈ بنا کر دی تھی۔ فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف پاکستان میں تھے تو ان کی زندگی کیلئے ایک ایک لمحہ قیمتی تھا ، نوازشریف کو انہی بیماریوں کے ساتھ دو سال لندن میں ہوگئے لیکن کوئی علاج نہیں کروایا، نواز شریف کے پاس لاہور کا شناختی کارڈ ہے تو انہیں صحت کارڈ کی سہولت موجود ہے، کورونا کے دوران مسلم لیگ ن کی حکومت ہوتی تو لوگ بھوکے مر رہے ہوتے۔

اہم خبریں سے مزید