راولپنڈی (نمائندہ جنگ) پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں مجموعی طور پر ڈینگی کی صورتحال کنٹرول میں ہے تاہم بعض جگہوں سے لاروا کی برآمدگی تشویشناک ہے جس کے تدارک کیلئے متعلقہ ادارے بھرپور کارروائی کریں۔ وہ راولپنڈی میں انسداد ڈینگی اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مون سون سے قبل تمام نالوں کی صفائی، خالی پلاٹس میں جنگلی پودوں کی کٹائی، صفائی اور ڈیش بورڈ پر درست اعدادو شمار اپ لوڈ کرنے کے ساتھ ساتھ ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس اور مانیٹرنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے۔ اجلاس میں ڈی سی او راولپنڈی کے علاوہ عوامی نمائندے اور متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔