استاد راحت فتح علی خان نے لتا منگیشکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نصرت فتح علی خان اور لتا منگیشکر کے ہمراہ ایک نایاب تصویر شیئر کی ہے۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
راحت فتح علی خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’لتا جی جیسا نہ کوئی ہو سکتا ہے اور نہ ہی ہو گا۔ ‘
انہوں نے کہا کہ ’لیجنڈری گلوکارہ کی موت کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا، ان کی آواز روح کو چھو لینے والی تھی، اور ان کی عاجزی اور سادگی آنے والی نسلوں کو متاثر کرے گی۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر 92 سال کی عُمر میں ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں انتقال کرگئیں جہاں وہ گزشتہ کئی روز سے کورونا وائرس اور نمونیا کی وجہ سے زیرِ علاج تھیں۔
گزشتہ روز سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔