• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ نوشکی، وزیراعظم، آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ


وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو دورہ نوشکی کے موقع پر علاقے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق عمران خان اور جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوشکی بلوچستان کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ اور گورنر بلوچستان، وفاقی اور صوبائی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کو علاقے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فوجیوں سے بات چیت میں لازوال قربانیوں پر شہدا اور ان کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے دہشت گردوں کے حملے پسپا کرنے میں فوجیوں کی پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور بہادری کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے دہشت گردوں کی باقیات کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے قبائلی عمائدین سے بات چیت کی اور دہشت گردی کے خلاف ان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔

انہوں نے قبائلی عمائدین کو بلوچستان کے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس موقع پر خطاب میں عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے لیے وہ کام کرجائیں گے کہ دہشت گردوں کی کوئی نہیں سنے گا۔

انہوں نے کہا کہ چینی صدر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں بلوچستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاقی، صوبائی حکومت اور مسلح افواج کے تعاون سے بلوچستان کی صلاحیت کو حقیقت کا روپ دیں گے۔

قومی خبریں سے مزید