• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون کے سر سے کیل نکالنے والے اسپتال میں علاج کا ریکارڈ نہیں


پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) میں خاتون کے سر سے کیل نکالی گئی لیکن اُس کے علاج کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔

جعلی عامل کے کہنے پر بیٹے کی خواہش میں حاملہ خاتون نے سر میں کیل ٹھکوائی، جو ایل آر ایچ پشاور میں سرجری کے ذریعے نکالی گئی۔

تاہم علاج کے لیے آنے والی خاتون کا اسپتال میں کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں ہے جبکہ ڈاکٹر کیل نکالنے کی سرجری کرنے کی تصدیق کررہے ہیں۔

دوسری طرف پولیس نے خاتون اور جعلی عامل کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال میں سرجری کے ذریعے خاتون کے سر سے کیل نکالنے والے ڈاکٹر حیدر کے مطابق خاتون کے سر میں گہری چوٹ تھی اور اس کے سر میں موجود کیل کو سرجری کرکے نکال دیا گیا۔

ڈاکٹر حیدر کا کہنا تھا کہ خاتون حاملہ تھی، جس نے بتایا کہ اسے بیٹے کی خواہش تھی، عامل نے اسے سر میں کیل ٹھوکنے کا کہا تھا۔

ڈاکٹر کو خاتون نے یہ بھی بتایا کہ اس کے شوہر کو بیٹیاں پسند نہیں ہیں۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق چند روز قبل خاتون کو اسپتال لایا گیا تھا خاتون کے سر میں کیل دھنسی ہوئی تھی، جسے ڈاکٹروں نے آپریشن کے ذریعے نکال کر مریضہ کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا۔

اسپتال ترجمان کے مطابق اسپتال انتظامیہ کے پاس مریضہ کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔

دوسری جانب سی سی پی او پشاور عباس احسن نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی عتیق شاہ کو خاتون اور جعلی عامل کا سراغ لگانے کی ہدایت کی ہے ۔

سی سی پی او کا کہنا ہے کہ ایل آر ایچ انتظامیہ کے مطابق خاتون کو چند روز قبل طبی امداد کے لیے اسپتال لایا گیا تھا۔

اسپتال میں سرجن ڈاکٹر عاصم نے خاتون کو طبی امداد فراہم کی، تاہم اسپتال انتظامیہ نے پولیس کو واقعہ سے لاعلم رکھا، سوشل میڈیا کے ذریعے خبر وائرل ہونے پر انکوائری کی ہدایت کی گئی ہے۔

سی سی پی او عباس احسن کا کہنا ہے کہ جلد اصل ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید