خیبر پختون خوا کے دارلخلافہ پشاور میں جعلی عامل کے کہنے پر خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہے تاہم پولیس کو خاتون اور اس کے شوہر کا نام پتہ چل گیا۔
پشاور پولیس کے مطابق سر پر کیل ٹھوکنے سے زخمی خاتون کا نام بازگلہ ہے، جبکہ خاتون کے خاوند کا نام اسپتال ریکارڈ میں حضرت لکھا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون اور اس کے شوہر کی پشاور میں کس علاقے میں رہائش ہے، یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔
پولیس کے مطابق اسپتال انتظامیہ سے مکمل معلومات لینے کی کوشش کر رہے ہیں، خاتون کی رکشہ میں اسپتال آمد کی سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے انہیں ڈھونڈنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ متاثرہ خاتون کی 3 بیٹیاں ہیں اور نرینہ اولاد نہیں ہے، خاتون کے شوہر کو بیٹیاں پسند نہیں تھیں، بیٹے کی پیدائش کی خواہش پر جعلی عامل کے کہنے پر خاتون کے سر میں کیل ٹھونکی گئی تھی۔
متاثرہ خاتون کو علاج کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا تھا، اسپتال کے نیورو سرجن ڈاکٹر حیدر نے بتایا کہ خاتون حاملہ تھی اور اس کے سر پر گہری چوٹ آئی تھی، کیل کو سرجری کر کے نکال دیا گیا اور خاتون کو ڈسچارج کر کے گھر روانہ کر دیا گیا تھا۔
ڈاکٹروں نے پولیس کو اطلاع دیے بغیر سرجری کر کے خاتون کے سر سے کیل نکالی تھی، جبکہ اسپتال ریکارڈ میں میاں بیوی کا شناختی کارڈ نمبر تک نہیں رکھا گیا۔
ایس ایس پی آپریشن ہارون رشید کے مطابق جلد متاثرہ خاتون تک رسائی حاصل کر لیں گے۔
پولیس کی تحقیقات کے مطابق مریضہ کو اسپتال لانے والوں میں 2 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔