پشاور یونیورسٹی کی انتظامیہ نے گلوکارہ گل پانڑا کے پی ایس ایل فائنل کےگانےکی یونیورسٹی میں ریکارڈنگ پر تنازع کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
یونیورسٹی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کو ویلنٹائن ڈے پر گلوکارہ گل پانڑا کے پی ایس ایل 7 کے فائنل کے گانے کی ریکارڈنگ کے لیے بند نہیں کیا گیا تھا۔
یونیورسٹی کے ترجمان نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ انتظامیہ نے ویلنٹائن ڈے پر یونیورسٹی کے بند رہنے کے بارے میں نوٹیفیکیشن، پی ایس ایل کے منتظمین کی جانب سے گانے کی ریکارڈنگ کے لیے رابطہ کرنے سے ایک روز قبل جاری کیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر آفس سے اجازت نامہ ملنے کے بعد ٹیم کو یونیورسٹی میں گانے کی ریکارڈنگ کی اجازت دی تھی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ٹیم نے اتوار اور پیر کو گانا ریکارڈ کیا اور اس کا یونیورسٹی کے ویلنٹائن ڈے پر بند ہونے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کے 7 ویں ایڈیشن کے فائنل کے گانے کی ریکارڈنگ کے لیے ویلنٹائن ڈے پر یونیورسٹی بند رکھنے کی خبر سامنے آنے پر پشاور یونیورسٹی کے طلباء نے غم و غصے کا اظہار کیاتھا۔
پشاور یونیورسٹی انتظامیہ نے 14 اور 15 فروری کو معروف گلوکارہ کو یونیورسٹی کے مختلف حصّوں میں گانا ریکارڈ کرنے کی اجازت دی، جس پر طلباء نے شدید غم و غصّے کا اظہار کیا تھا۔