• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم دیکھ رہی ہے کس کے چہرے پر 12 بجے ہوئے ہیں، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ قوم دیکھ رہی ہے کس کے چہرے پر 12 بجے ہوئے ہیں، وزیراعظم کہتے تھے 20 یا 25 افراد سے کابینہ چلاؤں گا، پاکستان کی سب سے بڑی کابینہ عمران نیازی کی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 50 سے زائد وزراء پہلے سے کام کررہے ہیں اب مزید وزارتیں تقسیم کی جارہی ہیں، سیاسی رشوت کے طور  پر وزارتیں بانٹ رہے ہیں، وزارتیں بانٹنے کیلئے ان کے پاس بجٹ ہے، غریب کو دینے کے لیے ان کا بجٹ خالی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ 12 روپے پیٹرول میں اضافہ تاریخی اضافہ ہے، معیشت کو اتنا بڑا جھٹکا کسی حکومت نے نہیں دیا، وزیراعظم نے یقین دلایا تھا 3 یا 4 مہینوں میں مہنگائی پر قابو پالیں گے، آج وزیر خزانہ کہتے ہیں مہنگائی پر قابو پانے میں 8 ماہ لگیں گے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ جب تک وزیراعظم کی معاشی پالیسیاں چلیں گی مہنگائی نہیں رک سکتی، زراعت کو تباہ کردیا، صنعت کار پریشان ہے، حکومت نیب آرڈیننس میں ترمیم کرکے خود کو این آر او دے چکی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے کہہ رہے ہیں عمران نیازی کی حکومت پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت ہے، ن لیگ کے دور میں عوام کو چینی 54 روپے کلو ملتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ایمانداری عوام کو بہت مہنگی پڑ رہی ہے، یہ حکومت پاکستان کے لئے ڈراؤنا خواب بن چکی ہے، پیداواری سائیکل میں تسلسل ناممکن ہوچکا ہے، سوا تین سو ارب روپے ہم نے ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے۔

احسن اقبال نے کہا کہ جس وزیر کو انعام دیا گیا اس نے ملتان سکھر سی پیک روٹ پر کرپشن کے الزام لگائے، نمبر ون وزیر نے سی پیک میں چین پر الزامات لگائے، مجھ پر دو سال پہلے اسٹار وزیر نے ملتان سکھر موٹر وے میں کمیشن لینے کا الزام لگایا۔

 رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ چین میں جا کر سی پیک کی شفافیت کے قصیدے پڑھتے ہیں یہاں آکر الزامات لگاتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ان کا دیا ہوا شہباز شریف کے خلاف ڈیٹا نیشنل کرائم ایجنسی نے ردی میں پھینک دیا، فارن فنڈنگ کیس میں کس نے کروڑوں روپے کا گھپلا کیا، آپ نے تو غیر ملکی تحائف سے متعلق بتانے سے بھی انکار کیا، جو شخص غیر ملکی سربراہوں سے ملے تحائف میں غبن کردے وہ کیا ایماندار ہوگا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد کے لیے اپوزیشن کوششیں کررہی ہے، ہوم ورک جاری ہے عدم اعتماد ایک ریفرنڈم ہوگا۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ڈیم بنانے کے وعدے کرکے آئی، ایک بند نہیں بنا، حکومت میڈیا کی آواز بند کرنا چاہتی ہے، پاکستان کے میڈیا نے تمام مصیبتوں کے باوجود اظہارِ رائے کی آزادی پر سمجھوتا نہیں کیا۔

قومی خبریں سے مزید