لاہور(سپیشل رپورٹر)پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بڑھتی مہنگائی سے مخلوق خدا کےصبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ۔حکومت کا خاتمہ بہت ضروری ہو گیا۔عمران خان کہتا تھا کہ سو دن میں عوام کی قسمت بدل دوں گا، کرپشن کا خاتمہ کر دوں گا،ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔6مارچ کو ناصر باغ لاہور میں جلسہ ہو گا،جوملکی سیاست کا رخ متعین کریگا۔8مارچ کو اسلام آباد کے جلسہ میں مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی بلاک کونج پورہ سبزہ زار میں آصف ناگرہ اور ضیاء ناگرہ کی طرف سے لانگ مارچ کے سلسلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب حسن مرتضی نے خطاب میں کہا کہ وزرالوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کیلئے ہیں،وزیر اعظم اپنے حلقے میں بغیر پروٹوکول جا کر دکھائیں،عوام جوتیوں سے استقبال کریں گے۔ لاہور کے صدر اسلم گل اوردیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔