پاکستان سُپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم لاہور قلندرز کے کھلاڑی فخر زمان نے پی ایس ایل انتظامیہ سے اپنے لیے فائنل کا ٹکٹ مانگ لیا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں فخر زمان نے پی ایس ایل انتظامیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے مزاحیہ انداز میں پوچھا کہ کیا مجھے فائنل کا ٹکٹ مل سکتا ہے؟
فخر زمان نے کہا کہ میرا فون کچھ وجوہات کی بناء پر بند ہے، آپ میرے ہوٹل کے فون پر مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
لاہور قلندر کے کھلاڑی کے اس ٹوئٹ پر شائقین کرکٹ کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیون کا فائنل آج دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں یہ فائنل میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
میچ سے قبل ایچ بی ایل پی ایس ایل7 کی اختتامی تقریب شام 6 بجے منعقد کی جائے گی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں پہلی بار فاتح ٹیم کی انعامی رقم میں 3 کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، آج کی فاتح ٹیم کو 8 کروڑ روپے ملیں گے جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 3 کروڑ 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔