اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) چینی موبائل فون کمپنی ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ 4مارچ سے لاہور میں شیاؤمی سمارٹ فونز کی تیاری کیلئے مینوفیکچرنگ یونٹ چلانے کا آغاز کررہی ہے،اس سلسلے میں قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹ لکھپت لاہور میں موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ کی یونٹ کا افتتاح کیا جائیگا، ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اس کی تصدیق کی ہے، ذرائع کے مطابق اس یونٹ سے سالانہ فروخت میں 550ملین ڈالر کی پیداوار کا اندازہ ہے ، بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، چینی سمارٹ فون بنانے والی کمپنی نے 2021میں ریکارڈ 190اعشاریہ 4ملین سمارٹ فون کی ترسیل کی جس سے شیاؤ می -2021میں دنیا کی دوسری سب سے بڑی موبائل فون بنانیوالی کمپنی بن گئی ، شیاؤ می فونز کی پاکستان میں تیاری ہونے سے ملکی معیشت پر مثبت اثر پڑیگا اور مقامی طور پر تیارکردہ شیاؤ می موبائل فونز برآمد بھی کئے جاسکیں گے۔