یوکرینی شہر خیرسون کے میئر نے روسی فوجی عام شہریوں پر گولی نہ چلانے کی اپیل کر دی۔
روس نے یوکرین کے شہر خیرسون پر قبضہ کر لیا ہے، اس بات کی تصدیق خیرسون کے مقامی حکام کی جانب سے کی گئی ہے۔
ایک بیان میں خیرسون کے میئر نے روسی فوجیوں سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ خیرسون شہر میں فوجی نہیں، صرف عام شہری ہیں جو یہاں رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے خیر سون کے عوام سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی فوجیں خیر سون شہر کی سڑکوں پر ہیں، شہری صرف دن میں سڑکوں پر نکلیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس نے گزشتہ روز یوکرینی جنوبی شہر خیر سون پر قبضے کا دعویٰ کیا تھا جسے یوکرین کی حکومت نے مسترد کر دیا تھا۔
شہر خیرسون بحیرۂ اسود کے کنارے پر واقع ہے جس کا شمار یوکرین کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے۔
خار کیف میں کروز میزائل حملہ، 21 شہری ہلاک
دوسری جانب یوکرین کے مشرقی شہر خار کیف کے علاقائی ڈپٹی گورنر نے دعویٰ کیا تھا کہ روسی فورسز نے ایک اور بڑے شہر خار کیف میں سٹی کونسل کی عمارت پر کروز میزائل سے حملہ کیا ہے۔
خار کیف میں 2 روز کے دوران شدید شیلنگ ہوتی رہی ہے، جہاں روسی حملوں میں 21 افراد ہلاک ہوئے۔