• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لہسن کھائیں اور مضبوط دانت پائیں

لہسن ہر باورچی خانے میں پایا جاتا ہے کیونکہ یہ ہر کھانے میں استعمال ہوتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ لہسن آپ کی صحت کے لیے بھی بہت اچھا ہے۔

ماہرین کے مطابق لہسن کے نہار منہ استعمال سے ناصرف وزن میں کمی اور کولیسٹرول لیول متوازن رہتا ہے بلکہ جِلدی امراض سے بھی نجات ملتی ہے۔

پیٹ کی چربی اور وزن کم کرنے کے لیے نہار منہ لہسن کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے جس کے بے شمار فوائد مجموعی صحت پر مرتب ہوتے ہیں، جن افراد کو ایکنی، کیل مہاسے، وائٹ اور بلیک ہیڈز کی شکایت ہو، نہار منہ لہسن کا استعمال اُن افراد کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔

اس کے علاوہ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ لہسن ہمارے دانتوں کو مضبوط بناتا ہے، آئیے اس کے بارے میں جاننے کی کوششش کرتے ہیں اور ساتھ ہی لہسن کھانے کے دیگر فوائد بھی معلوم کرتے ہیں۔

روزانہ لہسن کھانے کے حیرت انگیز فوائد:

صحت مند دانت:

تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ سوجے مسوڑھوں کے علاج میں لہسن ایک اچھا متبادل علاج ہو سکتا ہے۔ مزید برآں، لہسن میں اینٹی بیکٹیریل، اینٹی وائرل اور اینٹی فنگل خصوصیات ہیں، ان خصوصیات کی وجہ سے آپ کے منہ میں موجود بیکٹیریا فوری طور پر ختم ہوجائیں گے اور آپ کے دانتوں کی صحت مضبوط ہوگی۔

انسانی جسم کو فِٹ رکھتا ہے:

کیا آپ اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں؟ اپنی خوراک میں مزید لہسن شامل کرنے کی کوشش کریں۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اگر آپ ورزش کرتے ہیں اور اپنی خوراک میں روزانہ کی بنیاد پر لہسن کا استعمال کرتے ہیں تو آپ کا جسم چُست اور فِٹ رہے گا، آپ کو جلدی تھکاوٹ نہیں ہوگی۔

پُرکشش جِلد:

لہسن ہماری جِلد کی صحت کے لیے بھی بہت مفید سمجھا جاتا ہے، اگر آپ روزانہ لہسن کھائیں گے تو آپ کی جِلد داغ دھبوں، ایکنی اور کیل مہاسوں سے پاک ہوجائے گی، اس کے علاوہ لہسن میں کچھ ایسے اینٹی آکسیڈنٹس بھی پائے جاتے ہیں جو ہماری جِلد کو جلدی بوڑھا نہیں ہونے دیتے۔

مضبوط مدافعتی نظام:

حقیقت یہ ہے کہ لہسن ہماری صحت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، لہسن ایسی خصوصیات کے لیے جانا جاتا ہے جو بیکٹیریا، وائرس اور فنگس کے خلاف کام کرتے ہیں۔ لہسن کو کاٹتے یا کچلتے وقت یہ 'ایلیسن' خارج کرتا ہے۔ یہ مادہ آپ کی صحت کے لیے بے شمار فائدے رکھتا ہے لیکن لہسن کو گرم کرنے سے آپ ایلیسن کی اکثریت سے محروم ہو جائیں گے لہٰذا، اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا مدافعتی نظام مضبوط رہے تو روزانہ کچے لہسن کھائیں۔

کولیسٹرول کم کرتا ہے:

آج کل، آپ اکثر ایسی مصنوعات کے بارے میں سنتے ہیں جو آپ کے کولیسٹرول کو کم کرنے کا دعویٰ کرتی ہیں، لہسن بھی ان مصنوعات میں سے ایک ہے۔ 

متعدد مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ لہسن کے استعمال سے کولیسٹرول لیول متوازن رہتا ہے جس کے سبب شریانوں میں اضافی چربی کا صفایا ہوتا ہے، لہسن خون میں کولیسٹرول لیول کی سطح متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے اور خون کو صاف بناتا ہے جس کے نتیجے میں جگر کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

اگر آپ کسی دل کی بیماری سے لڑ رہے ہیں، تو آپ کو لہسن کے استعمال سے قبل ہمیشہ طبی ماہر سے مشورہ لینا چاہیے۔  

صحت سے مزید