بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے کہا ہے کہ اُنہوں نے آسٹریلوی لیجنڈری کرکٹر شین وارن سے کرکٹ کے بارے میں بہت کچھ سیکھا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پریتی زنٹا نے شین وارن کے ہمراہ لی گئی اپنی پُرانی تصویر شیئر کی۔
پریتی زنٹا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ یہ سُن کر بہت دُکھ ہوا کہ شین وارن نہیں رہے، وہ گراؤنڈ میں ایک جادوگر تھے جبکہ گراؤنڈ سے باہر اُن کی کرشماتی اور چمکدار شخصیت تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ میں جب بھی آئی پی ایل کے دوران ان سے ملی تو بہت ہنسی، وہ پوری دنیا میں بہت سے لوگوں کے لیے ایک متاثر کُن شخصیت تھے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ان کے اہل خانہ سے میری دلی تعزیت ہے، میرے دوست! آپ کو یاد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے لیجنڈری اسپنر شین وارن 4 مارچ کو دل کا دورہ پڑنے سے 52 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔
شین وارن نے آسٹریلیا کی جانب سے 145 ٹیسٹ میچز میں 708 وکٹیں لیں، شین وارن نے 194 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 293 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شین وارن نے 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔