گزشتہ روز انتقال کرجانے والے آسٹریلوی لیجنڈری کرکٹر شین وارن نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں بالی ووڈ کی پیشکش کا انتظار ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی کرکٹر شین وارن نے سال 2015 میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں بالی ووڈ کی پیشکش کا انتظار ہے، 2015 میں، افواہیں تھیں کہ شین وارن، جو اُس وقت تک کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے تھے، ایک بالی ووڈ فلم میں کام کرنے والے تھے۔
بھارت میں ان کی مقبولیت اور بالی ووڈ کے کچھ ستاروں سے قربت کے پیش نظر، یہ غیر معمولی نہیں تھا اور شین وارن نے اس خبر کی تصدیق کردی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شین وارن نے کچھ سال بعد انکشاف کیا تھا کہ ایک بھارتی پروڈکشن کمپنی ان کی بائیوپک بنانے کے لیے بات چیت کر رہی ہے۔ تاہم، بعد میں کورونا وائرس کی وجہ سے اسے روک دیا گیا۔
شین وارن نے بتایا تھا کہ مجھے امید ہے کہ سال کے آخر تک یا اگلے سال کے شروع میں اس فلم پر کام کریں گے اور دیکھیں گے کہ کیا ہو رہا ہے، انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ فلم میں لیونارڈو ڈی کیپریو یا بریڈ پٹ کو پیش کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ایک آدمی نے اس کے بارے میں ایک اسکرپٹ لکھا ہے، یہ کمپنی اسے شوٹ کرنا چاہتی ہے، اس لیے یہ بنیادی طور پر ایک ہالی ووڈ فلم ہے جسے بھارت کے لیے شوٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے لیجنڈری اسپنر شین وارن 4 مارچ کو دل کا دورہ پڑنے سے 52 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔
شین وارن نے آسٹریلیا کی جانب سے 145 ٹیسٹ میچز میں 708 وکٹیں لیں، شین وارن نے 194 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 293 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شین وارن نے 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔