• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)سیزن سیون لاہورقلندرز کی شاندار جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ ملتان سلطانز کے کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پلیئر آف پی ایس ایل قرار پائے۔ پی سی بی ایوارڈز میں سب سے قیمتی کرکٹر اور آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے والے محمد رضوان کو ٹورنامنٹ کے 13 میچز میں 546 رنز بنانے پر یہ ایوراڈ دیا گیا۔ انہوں نے47 چوکے اور 9 چھکےسے 7 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ وکٹوں کے پیچھے بھی 9 شکار کیے۔ 

لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو بالترتیب ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹر اور بہترین بولر قرار دیا گیا ۔ فخر زمان نے ٹورنامنٹ میں 153 کے اسٹرائیک ریٹ سے 588 رنز اسکور کیے۔ شادب خان نے 6.47 کے اکانومی ریٹ سے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 19 وکٹیں حاصل کیں۔خوشدل شاہ کو ٹورنامنٹ کا بہترین آلرائونڈر اور بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔ انہوں نے ایونٹ میں 153 رنز اسکور کرنے کے ساتھ16وکٹیں بھی حاصل کیں۔

لاہور قلندرز کے زمان خان کو پی ایس ایل 7 کا ایمرجنگ کرکٹر قرار دیا گیا۔ پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے زمان خان نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 18 وکٹیں حاصل کیں۔ امپائر آف پی ایس ایل 7کا ایوارڈ راشد ریاض جبکہ اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ ملتان سلطانز کو دیا گیا۔ ایوارڈ پانے والے تمام کھلاڑیوں اور امپائر کو 3.5 ملین روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ لیگ میں مجموعی طور پر1334.5 اوورز میں428وکٹوں کے عوض 11 ہزار 572 رنز بنے۔ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے مابین کھیلا گیا رائونڈ کا تیسواں میچ 158 رنز پر برابری کی بنیاد پر ختم ہوا جس کے فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔ 

سب سے کم اسکور کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف لیگ کے چوتھے میچ میں بنایا اور وہ 17.3 اوورز میں 113 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، 114 رنز کا ہدف گلیڈی ایٹرز نے15.4 اوورز میں 2 وکٹوں پر پورا کرلیا ۔رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی جیت ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117رنز سے شکست دیکر حاصل کی، یہ پی ایس ایل کی تاریخ میں بھی سب سے بڑی جیت ہے۔ اسی طرح گیندوں کے اعتبار سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 26 گیندوں قبل8 وکٹ سے شکست دیکر حاصل کی۔

سب سے زیادہ جیت حاصل کرنے والی ٹیم ملتان سلطانز نے لیگ میں فائنل سمیت 12 میچ کھیلے اور فائنل سمیت ایک رائونڈ میچ میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ سب سے زیادہ شکستوں کا سامنا کرنے والی ٹیم کراچی کنگز ہے جس نے 10 میچوں میں سے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک بائی، 4لیگ بائیز، 17وائڈ اور 2 نوبال سمیت 24 اضافی رنز دئیے جو کسی بھی میچ میں سب سے زیادہ اضافی رنز تھے، اس طرح میچ میں 3.1 اوور ز زائد پھینکے گئے۔ 

دوسرے نمبر پراسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 8 وکٹوں پر 199 رنز بنائے جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 4لیگ بائیز اور 16وائڈ گیندوں سمیت 20 اضافی رنز دئیے تھے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ میچ میں 2.4 اوور ز زائد پھینکے گئے۔ لاہورقلندرز کے فخرزمان نے 13میچوں میں 45.23 کی اوسط سے سب سے زیادہ588 رنز بنائے، سب سے کم 9 میچوں میں 55رنز بنانے والے کھلاڑی لاہور قلندرز کے راشد خان ہیں۔

لیگ میں چھ کھلاڑی ایسے ہیں جو کوئی رن نہیں بناسکے ان میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غلام مدثر پانچ میچوں میں ایک اننگز کھیل چکے ہیں جبکہ ملتان سلطانز کے موزاربانی چار میچوں میں ایک اننگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عاشر قریشی چار میچوں میں ایک اننگز،کراچی کنگز کے تھامپسن دو میچوں میں ایک اننگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد عرفان اور پشاور زلمی کے عارش علی نے ایک اننگز کھیلی۔ لیگ میں مجموعی طور پر تین سینچری بنائی گئی ہیں جس میں جیسن روئے(116)، فخرزمان (106) اور ہیری بروک(102) رنز شامل ہیں جبکہ 66نصف سینچریاں بھی بنی ہیں جس میں فخرزمان اور محمد رضوان کی سات، سات نصف سینچریاں شام ہیں۔ 

اسی طرح شان مسعود نے چارجبکہ شعیب ملک، الیکس ہیلز، ریلی روسو اور احسان علی نے تین، تین مرتبہ نصف سینچریاں بنائی ہیں۔ اسی طرح بابراعظم، جیسن روئے، اعظم خان، ٹم ڈیوڈ، شاداب خان،ول سمڈ، پال اسٹرلنگ، حسین طلعت اور کولن منرونے بھی دودو مرتبہ نصف سینچریاں اسکور کی ہیں۔ محمدحفیظ، کامران غلام، عبداللہ شفیق، شرجیل خان، بین کٹنگ، جے ایم کلارک، حضرت اللہ زازائی، محمد حارث، کامران اکمل، شرفین ردرفورڈ، سرفرازاحمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، عمراکمل اور قاسم اکرم نے بھی ایک ایک مرتبہ نصف سینچری بنائی۔

لیگ میں بیٹرز 49مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوئے ہیں جس میں جیم ونس چھ اننگز میں تین مرتبہ،حارث رئوف چار اننگز میں دو مرتبہ، جورڈن پانچ اننگز میں دو مرتبہ،وہاب ریاض سات اننگز میں دو مرتبہ اور عماد وسیم آٹھ اننگز میں دومرتبہ یہ اعزاز حال کرچکے ہیں۔ سینچری پارٹرشپ11 ہوئیں، بلند و بالا 403چھکے اور833چوکے لگائے جاچکے ہیں۔ ٹم ڈیوڈ نے 21،فخرزمان 20، اعظم خان 19اور شاداب خان نے 18چھکے لگائے ہیں ۔ شاداب خان نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ 9 جبکہ جیسن روئے نے 8چھکے لگائے ہیں۔

شان مسعود نے 54،محمدرضوان 47 اور الیکس ہیلز نے 43چوکے لگائے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے 13 میچوں میں 52 اوورز پھینک کر 394رنز کے عوض 20 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ان کی ایک اننگز میں 30رنز کے عوض 3 وکٹیں بہترین بولنگ ہے۔ نسیم شاہ ہیں جنہوں نے کراچی کنگز کے خلاف 20رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ شان مسعود تین مرتبہ حاصل کیا، محمدرضوان نے بھی 12میچوں میں9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جس میں 7کیچ 2اسٹمپس ہیں۔ فیلڈنگ کے دوران 177کیچ لئے گئے جس میں سب سے زیادہ کیچ لینے والے ٹم ڈیوڈ ہیں جنہوں نے 10کیچ لئے ہیں جبکہ بابراعظم اور افتخاراحمد نے 9، 9 کیچ لئے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید