وزیرداخلہ شیخ رشید کے ق لیگ سے متعلق بیان کے بعد چوہدری شجاعت حسین کا رد عمل بھی سامنے آگیا۔
اپنے بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ق لیگ کسی کشمکش کا شکار نہیں ہے، کل کے اجلاس میں حتمی فیصلے کی توقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ق لیگ کے مشاورتی اجلاس میں عدم اعتماد سے متعلق مزید مشاورت اور اتحادیوں سے رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے دوران پنجاب میں وعدے پورے نہ ہونے پر شرکاء نے اظہارِ تشویش بھی کیا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومتی اتحادیوں کا آئندہ 2 سے 3 روز میں مشترکہ پریس کانفرنس میں بڑا اعلان کرنے کا امکان ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ق حکومت کی اتحادی رہے گی یا نہیں؟ کل تک حتمی فیصلے کا امکان ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ شیخ صاحب کی عزت کرتے ہیں، شیخ رشید بھول رہے ہیں اسی جماعت کے لیڈر ان کے بزرگوں سے اسٹوڈنٹ لائف میں پیسے لیا کرتے تھے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں ان لوگوں کی طرح نہیں کہ 5 سیٹوں پر صوبے کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے بلیک میل کروں، عمران خان کے ساتھ سائے اور چٹان کی طرح کھڑا ہوں، باقی لوگوں کا ذمے دارنہیں، عمران خان سڑکوں پر آ گئے تو وہ واقعی خطرناک ہو جائیں گے۔