سرینگر (جنگ نیوز )مقبوضہ کشمیرمیں بھارت نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 نوجوانوں کوشہید کردیا۔بھارتی فوج نے وادی کے مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین سے بدتمیزی کی اور ہراساں بھی کیا، واقعے پر مقبوضہ وادی کے مختلف حصوں میں احتجاج بھی کیا گیا ، کشمیری میڈیا کے مطابق قابض بھارتی فورسزنے مختلف علاقوں میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔بھارتی فوجیوں نے پلواما، ہندواڑا اورگاندربل کے علاقوں کا محاصرہ کرلیا۔ قابض فورسزنے گھروں میں گھس کرلڑکوں اورمردوں کوبدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور چادر اورچاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے خواتین سے بدتمیزی کی اورانہیں ہراساں کیا۔قابض بھارتی فوجیوں نے گھرگھرتلاشی کے دوران متعدد نوجوانوں کوگرفتارکرکے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔پلواما، ہندواڑا اورگاندربل کا کا گھنٹوں محاصرہ کیا گیا ۔ بھارتی فورسزنے لوگوں کے گھروں سے باہرنکلنے پرپابندی عائد کردی۔ ان علاقوں میں آخری اطلاعات تک موبائل اورانٹرنیٹ سروس بند رہی ہے۔