پاکستان کی عالمی فٹبال کی بحالی کا امکان، حکومت نے فٹبال ہاؤس فیفا کے حوالے کر دیا۔
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ فٹ بال ہاؤس فیفا کے حوالے کر دیا گیا ہے اور امید ہے کہ فیفا پاکستان کی رکنیت جلد بحال کرے گی۔ اس اقدام سے ملک میں فٹ بال کی جلد بحالی ہو گی اور پاکستانی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں حصہ لینا شروع کردیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی ملک میں منصفانہ اور شفاف انتخابات منعقد کروانے کے لئے جلد از جلد اقدامات کرے گی۔
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے فٹ بال کھلاڑیوں اور فٹ بال شائقین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نےفٹ بال ہاؤس فیفا کو واپس کر تے ہوئے اپنی ذمہ داری پوری کردی ہے۔
چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے کہا ہے کہ پی ایف ایف آئین کے تحت صاف شفاف انتخابات کا انعقاد اور عالمی ایونٹس میں پاکستانی ٹیموں کی شرکت یقینی بنائیں گے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سارے معاملے میں صبر و تحمل اور معاونت پر فیفا اور مشکل حالات میں نارملائزیشن کمیٹی کے ساتھ کھڑی رہنے والی فٹبال برادری کے شکرگزار ہیں۔
ملک بھر سے فٹ بال تنظیموں کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی فٹ بال ہاؤس فیفا کے حوالے کروانے پر کوششوں اور کاوشوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی کوششوں اور کاوشوں کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
حیدرآباد فٹ بال کے سابق صدر اعظم خان نے فیفا فٹ بال ہاؤس این سی کے حوالے کئے جانے پر کھلاڑیوں اور عہدیداروں میں مٹھائی تقسیم کی۔