• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کا سب سے چھوٹا پیس میکر تیار

تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

دل کے مریضوں کے لیے سائنس میں انقلابی پیشرفت سامنے آئی ہے، دنیا کا سب سے چھوٹا پیس میکر تیار کرلیا گیا ہے، جس سے سرجری کے بغیر دل کی دھڑکن بحال ہوسکے گی۔

اب پیس میکر لگوانے کے لیے طویل اور تکلیف دہ سرجری کی ضرورت نہیں، امریکی سائنسدانوں نے دنیا کا سب سے چھوٹا پیس میکر تیار کیا ہے، جو سرنج کی نوک میں فٹ ہو سکتا ہے اور انجیکشن کے ذریعے جسم میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔

یہ حیرت انگیز پیس میکر نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے ماہرین نے تیار کیا ہے، جو خاص طور پر اُن مریضوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جنہیں عارضی طور پر دل کی دھڑکن میں مدد کی ضرورت ہوتی ہے، اس کا سب سے اہم استعمال نومولود بچوں میں ہوگا، جو پیدائش کے بعد دل کے نقائص کا سامنا کرتے ہیں۔

اس پیس میکر کی خاص بات یہ ہے کہ اسے کسی بھی قسم کی تار یا بیٹری کی ضرورت نہیں، یہ روشنی سے توانائی حاصل کرتا ہے، اسے ایک چھوٹی وائر لیس وئیر ایبل ڈیوائس سے جوڑا جاتا ہے، جو مریض کے سینے پر لگائی جاتی ہے۔

جب دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی محسوس ہوتی ہے، تو یہ بیرونی ڈیوائس روشنی خارج کرتی ہے، جو کہ جلد، ہڈی اور پٹھوں سے گزر کر دل میں نصب پیس میکر کو متحرک کر دیتی ہے۔

یہ پیس میکر کچھ دن جسم میں رہنے کے بعد خون میں جذب ہو جاتا ہے، یعنی مریض کو دوبارہ کسی اضافی سرجری سے گزرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

اگرچہ اس پیس میکر کی موٹائی محض ایک ملی میٹر کے قریب ہے، لیکن اس کی افادیت اور کارکردگی روایتی پیس میکر جتنی ہی مؤثر ہے، اسے ہر عمر کے مریضوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

صحت سے مزید