انگلینڈ میں کرکٹ سیزن کی واپسی ہو گئی ہے کیونکہ 2025 روتھسے کاؤنٹی چیمپئن شپ کا آغاز جمعہ 4 اپریل سے ہو رہا ہے اور اس سال 5 پاکستانی کرکٹرز اس ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود، فاسٹ بولرز حسن علی، محمد عباس، کاشف علی اور اسپنر ظفر گوہر اس سیزن میں مختلف کاؤنٹی کلبز کی نمائندگی کریں گے۔
شان مسعود، حسن علی اور ظفر گوہر ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ وائٹالٹی بلاسٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی شامل ہوں گے، جو چیمپئن شپ کے پہلے مرحلے کے میچز کے بعد جون میں شروع ہو گا۔
شان اور حسن پی ایس ایل کی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد دستیاب ہوں گے جبکہ محمد عباس 6 میچز کھیلیں گے، تین میچ مئی میں اور تین ستمبر میں ہوں گے۔
نوجوان فاسٹ بولر کاشف علی نے کینٹ کو جوائن کیا ہے لیکن ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچ میں نارتھمپٹن شائر کے خلاف اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔
لیفٹ آرم اسپنر ظفر گوہر لارڈز میں مڈل سیکس کی جانب سے اوپننگ میچ میں ایکشن میں ہوں گے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ظفر گوہر اب برطانوی شہریت حاصل کرچکے ہیں اور مقامی کھلاڑی کے طور پر کھیلیں گے۔
ذیل میں ان پاکستانی کھلاڑیوں کی مختصر پروفائل دی جا رہی ہے جو اس سال کاؤنٹی چیمپئن شپ میں حصہ لے رہے ہیں:
شان مسعود
پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اس سال لیسٹر شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں کھیلیں گے۔
35 سالہ مسعود گزشتہ چند سیزنز سے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں مستقل ایکشن میں نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے 2022 میں ڈربی شائر کی جانب سے کاونٹی کرکٹ میں شاندار ڈیبیو کیا، جہاں انہوں نے 1ہزار832 رنز 28 میچز میں اسکور کیے، اس پرفارمنس کے بعد انہیں پاکستان ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا۔
2023 میں انہوں نے یارکشائر کرکٹ کلب میں شمولیت اختیار کی ہوئے، اور سیزن میں انہوں نے 720 رنز بنائے جبکہ 2024 میں 520 رنز بنائے اور ان کی قیادت میں یارکشائر کی ڈویژن ون میں واپس ہوئی۔
شان مسعود 31 مئی کو وائٹالٹی بلاسٹ کے آغاز پر لیسٹر شائر کو جوائن کریں گے اور چونکہ اس دوران پاکستان کے کوئی ٹیسٹ میچز شیڈول نہیں، اس لیے وہ کاونٹی سیزن کے اختتام تک دستیاب ہوں گے۔
حسن علی
رائٹ آرم فاسٹ بولر حسن علی مسلسل تیسرے سال وارکشائر کی نمائندگی کریں گے اور پھر پورے سیزن کے لیے دستیاب ہوں گے۔
اگرچہ ان کے پچھلے سیزنز انجری اور قومی ٹیم کی مصروفیات سے متاثر ہوئے تاہم وہ اپنے دوستانہ رویے کے باعث کلب مینجمنٹ کے پسندیدہ کھلاڑی بن چکے ہیں۔
2023 میں انہوں نے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے پہلے نصف حصے میں 24 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے آغاز میں انجری کے باعث باہر رہے لیکن بعد میں چند میچز کھیلے اور مقررہ معاہدہ کے اختتام تک ٹیم کے ساتھ رہے۔
2024 میں وہ دوبارہ وارک شائر لوٹے مگر چند میچز کے بعد انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کے وائٹ بال اسکواڈ میں شامل ہو گئے۔
ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں انہوں نے 10 وکٹیں حاصل کیں لیکن بعد ازاں کہنی کی انجری کی وجہ سے سیزن سے باہر ہو گئے۔
وہ 29 مئی کو وارکشائر کلب کی ٹیم کو دوبارہ جوائن کریں گے اور تمام فارمیٹس میں کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔
محمد عباس
فاسٹ بولر محمد عباس اس سیزن میں نوٹنگھم شائر کی نمائندگی کریں گے، 34 سالہ عباس نے 2021 سے 2024 کے دوران ہیمپشائر کے لیے کھیلتے ہوئے 47 میچز میں 180 وکٹیں حاصل کیں، ان کا اوسط 19.26 رہا۔
ان کی کاؤنٹی کرکٹ میں مستقل شاندار کارکردگی گزشتہ برس جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے قومی ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی کا باعث بنی۔
اس سے پہلے انہوں نے 2018-19 میں لیسٹر شائر کےلیے دو سیزنز کھیلے، جہاں انہوں نے 79 وکٹیں حاصل کیں۔
اگرچہ انہوں نے 2020 سیزن کے لیے نوٹنگھم شائر کے ساتھ معاہدہ کیا تھا لیکن کووڈ وبا کی وجہ سے وہ ممکن نہ ہو سکا۔
رواں سیزن وہ چھ کاؤنٹی چیمپئن شپ میچز کھیلیں گے جن میں تین مئی میں اور تین ستمبر میں ہونگے۔
کاشف علی
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر کاشف علی نے کینٹ کاؤنٹی کرکٹ کلب کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ کاشف نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو رواں سال کیا، اور وہ اپریل و مئی میں آسٹریلوی بولر ویس آگر کی جگہ کور کے طور پر دستیاب ہوں گے۔
یہ ان کا کاؤنٹی کرکٹ میں پہلا تجربہ ہے، 2021 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کے بعد سے وہ 35 میچز میں 110 وکٹیں لے چکے ہیں۔
اگرچہ انہوں نے کینٹ کلب کو جوائن کر لیا ہے تاہم وہ ابتدائی میچ میں اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔
ظفر گوہر
لاہور سے تعلق رکھنے والے لیفٹ آرم اسپنر ظفر گوہر اس سیزن میں مڈل سیکس کے لیے مقامی کھلاڑی کے طور پر کھیلیں گے کیونکہ وہ اب برطانوی شہری بن چکے ہیں۔
30 سالہ گوہر نے پاکستان کی جانب سے 2015ء میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور 2021 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، وہ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
2021 میں گلوسیسٹر شائر نے انہیں سیزن کے اختتامی میچز کے لئے سائن کیا، اور اچھی کارکردگی کے بعد 2022 کے لئے گلوسٹرشائر سے مکمل سیزن کا معاہدہ کیا۔
انہوں نے 34 فرسٹ کلاس میچز میں 118 وکٹیں حاصل کیں اور 2022 میں ٹیم کے ٹاپ وکٹ ٹیکر رہے۔
2024 میں کاونٹی سیزن کے اختتام کے بعد انہوں نے مڈل سیکس کے ساتھ 2025 سیزن کے لیے بطور مقامی کھلاڑی معاہدہ کیا، وہ اوپننگ میچ میں لارڈز میں لنکاشائر کے خلاف ایکشن میں ہوں گے۔