• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتانی مٹی ’بالوں‘ کی ’خشکی‘ ختم کرتی ہے؟

ملتانی مٹی کو خوبصورت جِلد کے لیے مفید اور بہترین گھریلو علاج سمجھا جاتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ جِلد کے علاوہ بالوں کے لیے بھی ملتانی مٹی کے بے شمار فوائد ہیں؟ خشک اور خراب بالوں کو گہری کنڈیشننگ سے لے کر سر کی جِلدی خارش کو کم کرنے تک، ملتانی مٹی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ملتانی مٹی صدیوں سے بالوں کی بہترین صحت اور نشونما کے لیے بھی استعمال ہوتی رہی ہے، یہ کیمیکلز سے بھی پاک ہے اور بالوں کے گِرنے اور  خشکی سمیت آپ کے بالوں کے تمام مسائل سے نمٹنے کا قدرتی طریقہ ہے۔ 

آپ کے بالوں کی دیکھ بھال کے معمولات میں اس شاندار مٹی کو شامل کرنے کے بہت سے دوسرے دلچسپ فوائد ہیں، جن پر ذیل میں تفصیل سے بات کی جائے گی۔

بالوں کیلئے ملتانی مٹی کے حیرت انگیز فوائد:

خشکی ختم کرتی ہے:

ملتانی مٹی اپنی نمی برقرار رکھنے کی خصوصیات کے ساتھ بالوں کی خشکی ختم کرتی ہے، اس کے لیے آپ ایک ماسک بناسکتے ہیں جس سے جلد ہی آپ خشکی سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

خون کی گردش کو بہتر بناتی ہے:

ملتانی مٹی خون کی گردش کو بہتر بنانے کے لیے ایک انتہائی موثر اور طاقتور جزو ثابت ہو سکتی ہے۔ بہتر خون کی گردش کا مطلب ہے صحت مند اور موٹے بال۔ اس کا مطلب بالوں کی بہتر نشوونما بھی ہے۔ بہتر خون کی گردش کا مطلب بالوں کا گِرنا اور گنج پن میں کمی ہے۔

بالوں کو اسٹریٹ کرتی ہے:

ملتانی مٹی ناصرف آپ کے بالوں کی نشونما کرتی ہے بلکہ یہ آپ کے بالوں کو اسٹریٹ کرتے ہوئے جڑوں کی حفاظت بھی کرتی ہے۔ بالوں کو اسٹریٹ کرنے کے لیے اپنا خود کا ملتانی مٹی ہیئر پیک بنائیں کیونکہ اسٹور سے خریدے گئے ہیئر پیک میں دیگر نقصان دہ اجزا ہوسکتے ہیں۔  

ملتانی مٹی کے چند ہیئر پیکس:

خشکی ختم کرنے کیلئے ہیئر پیک:

ایک مکسنگ پیالے میں دو کھانے کے چمچ تازہ لیموں کا رس، چار کھانے کے چمچ ملتانی مٹی اور ایک کھانے کا چمچ دہی ڈالیں۔ ان سب کو ایک ساتھ ملائیں جب تک کہ یہ ایک گاڑھا پیسٹ نہ بن جائے اور اسے اپنے بالوں اور سر کی جِلد پر لگائیں۔ اپنے بالوں کو شاور کیپ سے ڈھانپیں اور 30 منٹ تک لگا رہنے دیں، اُس کے بعد بال دھو لیں۔

لیموں کی اینٹی مائیکروبیل اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات خشکی پیدا کرنے والے بیکٹیریا کو ختم کرنے میں مدد کرتی ہیں۔ سٹرک ایسڈ اور بیکنگ سوڈا کی اینٹی فنگل خصوصیات سے بھرپور، ملتانی مٹی خشکی کو ختم کرنے میں مدد کرتی ہے اور آپ کے سر کی جِلد کو صاف رکھتی ہے۔

جھرجھری بالوں (frizzy hair) کیلئے ہیئر پیک:

ایک پیالے میں تقریباً ایک کھانے کا چمچ کالی مرچ پاؤڈر، تین کھانے کے چمچ دہی اور ملتانی مٹی ڈالیں۔ گاڑھا پیسٹ بنانے کے لیے انہیں اچھی طرح مکس کریں اور اسے اپنے بالوں اور سر کی جِلد پر لگائیں۔ اس ہیئر پیک کو آپ کے بالوں پر تقریباً 45 منٹ سے ایک گھنٹے تک لگا رہنے دیں اور بعد میں شیمپو سے دھولیں۔

گھونگھرالے بالوں (Curly Hairs) کیلئے ہیئر پیک:

ایک مکسنگ باؤل میں ایک انڈے کی سفیدی اور برابر مقدار میں ملتانی مٹی اور چاول کا آٹا ڈالیں، انہیں مکس کریں اور پیسٹ بنالیں، اس مکسچر کو اپنے تمام بالوں پر لگائیں اور کچھ دیر کے بعد شیمپو سے دھولیں۔

صحت مند سر کی جِلد کیلئے ہیئر پیک:

ایک پیالے میں برابر مقدار میں ملتانی مٹی اور ایلو ویرا جیل کو مکس کریں اور اس مکسچر میں لیموں کا رس شامل کریں۔ تمام اجزاء کو اس وقت تک مکس کریں جب تک کہ وہ آپس میں بلینڈ نہ ہوجائیں اور ایک گاڑھا، ہیئر پیک جیسا پیسٹ نہ بن جائے۔ اپنے بالوں کے سیکشن کریں اور برش کا استعمال کرتے ہوئے اس ملتانی مٹی ہیئر پیک کو جڑ سے سرے تک لگائیں، 20 سے 30 منٹ تک یہ پیک بالوں میں لگا رہنے دیں اور پھر ٹھنڈے پانی اور شیمپو سے دھولیں۔

صحت سے مزید