وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پاک آسٹریلیا دوسرے ٹیسٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے پاکستان کرکٹ کو زندہ کیا ہے۔
فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کرکٹ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بےحد زبردست کھیل ہے۔
اُنہوں نے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ دونوں نے پاکستان کرکٹ کو زندہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھی اننگز میں شاندار بلے بازی کی بدولت اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
بابر اعظم نے 426 گیندوں پر 196 رنز بنائے، جس کے بعد وہ دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی اننگزمیں سب سے بڑی باری کھیل کر ڈان بریڈمین، رکی پونٹنگ، ویرات کوہلی اور برائن لارا کو پیچھے چھوڑ دیا۔
دوسری جانب محمد رضوان نے ناقابلِ شکست سنچری بنائی۔