وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت بنی گالہ میں ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اہم مشاورتی اجلاس میں سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اجلاس میں وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے صوبۂ سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کی سمری پیش کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شیخ رشید سمیت 2 وفاقی وزرا ءنے سندھ میں گورنر راج کی حمایت کی، جبکہ ارکان کی اکثریت نے مخالفت کر دی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں کہا گیا کہ اکثریت کی رائے ہے کہ سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے سے قانونی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ارکان کی اکثریت کی رائے تھی کہ سندھ میں گورنر راج کے نفاذ سے معاملات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ ریفرنس آرٹیکل 186 کے تحت دائر کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی صدارت میں بنی گالہ میں ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنانے سے متعلق تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس میں 27 مارچ کو ڈی چوک پر ہونے والے اجتماع کی بھرپور تیاریوں کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ تمام ارکانِ اسمبلی اور تنظیمیں بھرپور طریقے سے اجتماع میں شرکت کریں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اجلاس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کی علیحدہ ملاقات بھی ہو گی۔