گھر میں ایکیوریئم یا فش ٹینک ہونے کے بڑے فائدے ہیں۔ یہ آپ کے گھر کی رونق بڑھاتا ہے اور آپ کو آبی حیات کے بارے میں دلچسپی پیدا ہوتی ہے۔ بچے بھی اسے پسند کرتے ہیں کیونکہ یہ ان کے لیے تفریح کا باعث ہوتا ہے۔ فش ایکوریئم میں تیرتی پھرتی رنگ برنگی مچھلیاں نہ صرف خوبصورت دکھائی دیتی ہیں بلکہ یہ ذہنی سکون بھی بخشتی ہیں، اسی لیے باذوق لوگ مچھلیاں پالنے کے بھی شوقین ہوتے ہیں۔
فش ایکیوریئم گھر میں رکھنا اور اس کی شوخیوں سے لطف اندوز ہونانہ صرف ایک صحت بخش مشغلہ ہے بلکہ یہ دن بھر کی تھکاوٹ دور کرنے اور موڈ کو بہتر کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ خوبصورت پتھروں اور سمندری پودوں سے سجا صاف شفاف ایکیوریئم جہاں مچھلیوں کو ان کی ضرورت کے مطابق موزوں ماحول دیتا ہے وہیں گھر کی خوبصورتی کو بھی چار چاند لگا دیتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہمیں گھروں میں فش ایکیوریئم نظر آتے ہیں۔ کہیں یہ اسٹینڈپر رکھا دکھائی دیتا ہے تو کہیں کسی دیوار میں فکس ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی اس کی کئی دیگر اقسام ہیں۔ اگر آپ اپنےگھر میں فش ٹینک لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ کو چند مراحل پر عمل کرنا ہوگا۔
ٹینک کی منصوبہ بندی
یہ اصول تو ہر چیز پرلاگو ہوتا ہے کہ اسے خریدنے یا لگانے سےپہلے اس کی منصوبہ بندی کرلیں۔ سب سے پہلے تو اس کا فیصلہ کرنا ہوگا کہ آپ کے فش ٹینک کی نوعیت کیا ہے؟ سب سے پہلے یہ دیکھیں کہ آپ اس میں کس قسم کی مچھلیاں رکھنا چاہتے ہیں، اور ان کے ساتھ کون سی دیگر مچھلیاں ایڈجسٹ ہو سکتی ہیں۔ مزید یہ کہ فش ٹینک کا سائز کیا ہے؟ اگر ٹینک چھوٹا ہے تو وہ کہیں بھی ایڈجسٹ ہوسکتا ہے لیکن اگر وہ بڑ اہےتو آپ کو کاغذ پر ا س کی نقشہ سازی کرنی ہوگی۔
اپنا ایکوپمنٹ خریدنا
جب ایک بار آپ مچھلیوں کے حوالے سے فیصلہ کرلیں تو پھر ان کی نسل کے بارے میں معلومات حاصل کریں کہ ان کو رکھنےکے لیے کتنا بڑ ا ٹینک او ر ایکوپمنٹ درکار ہوگا۔ بہت سے لوگ تازہ اور گرم پانی والی مچھلیاں رکھنا پسند کرتے ہیں اور اس کے لیے انہیں ایک ہیٹر ، ایک تھرما میٹر اور ایک فلٹر کی ضرورت پڑتی ہے۔ باقی پلانٹس اور ڈیکوریشن آپ کی مرضی پر منحصر ہیں۔
ٹینک کی صفائی
اگر ٹینک نیا ہےتو آپ کو اس پر صرف کپڑا مارنے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ نے استعمال شدہ ٹینک خریدا ہے تو آپ کو گرم پانی اور سفید سرکے سے اسے صاف کرنا چاہیے۔ صاف کرنے کی اشیا بھی نئی خریدیں، گھر کی اشیا استعمال نہ کریں۔
تہہ میں مٹیریل بچھانا
ایکیوریئم کی تہہ میں سنگ مرمر کا چورا، پتھر اور ماربلز وغیرہ بچھائے جاتے ہیں۔ تہہ میں پتھر وغیرہ بچھانے سے پہلے تسلی کرلیں کہ فش ایکیوریئم متوازن ہے۔ کیونکہ مٹیریل بچھانے کےبعد پانی سے بھی اس کا وزن بڑھے گا۔ اگر ٹینک توازن میں نہیں ہوگا تو اس کے گرنے کا خطر ہ ہوگا۔
ٹینک کے سائز کےحساب سے آپ تین سے چار انچ پتھر تہہ میں بچھا سکتے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان پر گندگی لگ جاتی ہے، لہٰذا ان کی صفائی بھی ضروری ہے۔ ان سب کوپانی سے بھری ایک بالٹی میں ڈال کر کھنگال لیں۔ اسی طرح مٹی اورسنگ مرمر کے ڈیکوریشن پیسز کو بھی دھولیں ۔
ٹینک میں پانی بھرنا
یہ بہت آسان ہے، تاہم یہ یاد رہے کہ آپ نے کتنے گیلن پانی ڈالا ہے کیونکہ اسی حساب سے پانی میں ڈی کلورینیٹر شامل کرنا ہوگا۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ پانی ڈالتے وقت تہہ میں بچھا مٹیریل متاثر نہ ہوتو آپ اس پر کوئی پلیٹ رکھ دیں اور پھر پانی ڈالنا شروع کریں۔
ایکوپمنٹ کی تنصیب
اب جبکہ ٹینک میں پانی بھر گیا ہے توآپ کو اس میں فلٹر اور ہیٹر نصب کرنا ہوگا۔ ایکوپمنٹ نصب کرنے کی جو ہدایات ہیں، ان پر عمل کریں۔ اس بات کو یقینی بنالیں کہ نصب کرنے سے قبل ایکوپمنٹ باقاعدہ کام کر رہے ہوں۔
مچھلیاں
آپ کو اپنے ٹینک کے حساب سے مچھلیاں رکھنی ہیں۔ اتنی زیادہ مچھلیاں نہ رکھیں کہ ان کی وجہ سے ٹینک چھوٹا لگنے لگے۔ پہلے ایک گروپ کی مچھلیاں ڈالیں۔ پھر کچھ دن بعد ان مچھلیوں کا اضافہ کریں جن سے پہلے کی مچھلیوں کو یا ان سےنئی مچھلیوں کونقصان نہ پہنچے۔
اس سلسلے میں انٹرنیٹ پر موجود مچھلیوں کے چارٹ کی مدد لی جاسکتی ہے۔ ہمارے ہاں سب سے عام مچھلی گولڈن فش ہے، جو بچوں کو بہت پسند ہے۔ میٹھے پانی کے چھوٹے کچھوے رکھنا بھی بچوں کے لیے بہت دلچسپی کا باعث ہوگا لیکن اس کے لیے بھی خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔
پلانٹس اور ڈیکوریشن
آپ تازہ پانی کے پلانٹس بھی شامل کر سکتے ہیں، جن سے مچھلیوں کو آکسیجن ملتی رہےگی یا پھر آپ مصنوعی پلانٹس لگالیں۔ آپ سمندری چٹانوں سے بنے ڈیکوریشن پیس، سیپیاں یا پلاسٹک سے بنی آرائشی اشیا بھی لگا سکتے ہیں۔
ٹینک سائیکلنگ
اس مرحلے کو لوگ اکثر چھوڑ دیتے ہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہر چا رسے چھ ہفتے بعد فش ٹینک کے پانی کو بدلیں کیونکہ اس دوران ٹینک میں بیکٹیریا، امونیا اور نائیٹریٹس پیدا ہو چکے ہوتے ہیں، جو شروع میں تو مچھلیوں کے لیے اچھے ہوتے ہیں لیکن بعد میں ان کے لیے نقصان دہ ہو جاتے ہیں۔
تنصیب کا مقام
آپ ایکیوریئم کو ڈائننگ ٹیبل کے ساتھ لگاسکتے ہیں۔ کمرے کو دو حصوں میں کرنے والے ڈیوائڈر کے طور پر بنوا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، فش ٹینک سے لِونگ روم کی رونق بڑھا سکتے ہیں یا پھر ڈرائنگ روم میں مہمانوں کی تفریح کا سامان پیدا کرسکتے ہیں۔