بین الاقوامی سطح پر تعمیراتی صنعت میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہوئیں جن سے ایک طرف تعمیرات میں اضافہ ہوا ہے تو دوسری جانب ما حول دوست ایجادات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداواری صلاحیت بڑھانے میں بھی مددحاصل ہوئی ہے۔
تعمیراتی ٹیکنالوجی سے مراد کسی پروجیکٹ کے تعمیراتی مرحلے کے دوران استعمال ہونے والے جدید آلات، مشینری اور سافٹ ویئر وغیرہ کا مجموعہ ہے، جو نیم خودکار اور خودکار تعمیراتی آلات سمیت تعمیر کے طریقوں میں پیشرفت کے قابل بناتا ہے۔
اس کی مثالوں میں اسمارٹ مشینری، خودکار روبوٹس، ورچوئل رئیلٹی، فائیوجی اورانٹرنیٹ آف تھنگز شامل ہیں۔ یہ سبھی تعمیراتی صنعت کو بہتر بنانے، کارکردگی کو بڑھانے، صحت اور حفاظت کو بہتر بنانے اور بہت سے دوسرے فوائد کے لیے بنائے گئے ہیں۔
تعمیراتی صنعت کی ترقی کے لیے اس صنعت سے تعلق رکھنے والی دنیا بھر کی کمپنیاں آئے روز اپنی مصنوعات اور نت نئی ٹیکنالوجیز متعارف کروارہی ہیں۔ زیر مطالعہ مضمون میں ہم ان ٹیکنالوجیز کے بارے میں بات کریں گے، جن کے متعارف کیے جانے کی بدولت تعمیراتی صنعت میں جدت آگئی ہے۔
بگ ڈیٹا
بگ ڈیٹا ایک ایسی اصطلاح ہے، جو انتہائی بڑے ڈیٹا سیٹس کو بیان کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ عمومی طور پر اس کا اطلاق بڑے ڈیٹا سیٹ، ٹیکنالوجی اور کمپیوٹنگ کی ایسی تکنیک پر ہوتا ہے، جو بگ ڈیٹا سیٹ کو سنبھال سکے۔ بگ ڈیٹا سیٹ سے مراد ایسا ڈیٹا ہے جو اتنا بڑا اور پیچیدہ ہو کہ روایتی سافٹ ویئر پر مختلف کام انجام دینے کے لیے ناکافی ہو۔ یہ بگ ڈیٹا تعمیراتی ٹیکنالوجی میں ترقی کو فروغ دینے میں مدد کرتا ہے۔ یہ ڈیٹا انٹرنیٹ سرچ اور خدمات، موبائل فون، ڈیجیٹل تصاویر، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن ٹولز کی بہت سی دوسری شکلوں سے جمع کیا جاتا ہے۔
آرٹیفیشل انٹیلی جنس
آرٹیفیشل انٹیلی جنس انسانی دماغ کو بائے پاس کرکے اس سے کئی گنا زیادہ سوچنے، سمجھنے اور پھر عمل کر دکھانے والی مشین کی تیاری کی سائنس ہے۔ نصف صدی کے اس سفر میں تیز تر تحقیق کا یہ عالم ہے کہ آج انسان مصنوعی انسانی دماغ ’اِ مورٹیلیٹی ٹیکنالوجی‘ کی تخلیق کے منصوبے کا آغاز کر چکا ہے۔ مصنوعی ذہانت، سائنس اور ٹیکنالوجی کو بامِ عروج پر پہنچانے کی ایک انسانی کاوش ہے۔ اس سے ناصرف انسان کے کام کرنے کی رفتار بڑھ جائے گی بلکہ آخری حد تک درست نتیجے کا حصول بھی ممکن ہوجائے گا۔
انٹرنیٹ آف تھنگز
انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) تعمیراتی ٹیکنالوجی کا پہلے سے ہی ایک لازمی حصہ ہے اور بڑے پیمانے پر اپنے کام کرنے کے طریقے کو تبدیل کر رہا ہے۔ یہ اسمارٹ ڈیوائسز اور سینسرز پر مشتمل ہے جو سب ایک دوسرے کے ساتھ ڈیٹا شیئر کرتے ہیں اور اسے مرکزی پلیٹ فارم سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ اس کے مضمرات بہت زیادہ ہیں کیونکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ کام کرنے کا ایک نیا بہتر، زیادہ موثر اور محفوظ طریقہ اب بہت ممکن ہے۔
بلڈنگ انفارمیشن ماڈلنگ
بلڈنگ انفارمیشن ماڈلنگ(BIM) ٹیکنالوجی تعمیراتی صنعت میں سب سے زیادہ ابھرتا اور مقبول ہوتا ٹرینڈہے ۔ یہ تعمیراتی اخراجات، وسائل کاانتظام، افرادی قوت ،تعمیراتی منصوبوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تعمیراتی ماہرین اور منیجرز کی جانب سے بھی اس ٹیکنالوجی کا استعمال تعمیراتی انداز کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیا جانے لگا ہے۔
ورچوئل ریئلٹی
تعمیراتی صنعت کے لئے ورچوئل ریئلٹی ایک اہم ٹول کے طور پر استعمال کی جاتی ہے، جس کا سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ یہ کسٹمرز اور سرمایہ کاروں کو پراجیکٹ کی ورچوئل تصویر فراہم کرتا ہے تاکہ وہ پراجیکٹ سے قبل ہی اپنی سرمایہ کاری اور منصوبے کے آغازوتکمیل کا جائزہ لے لیں۔ اس ٹیکنالوجی کو آرکیٹیکچرل منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ خریدوفرخت کے منصوبے مکمل کرنے کے لیے جدید تعمیراتی صنعت کا ذریعہ بنایا جاسکتا ہے۔
روبوٹکس اور ڈرونز
تعمیراتی شعبے میں روبوٹکس ٹیکنالوجی کی آمد نے ایک انقلاب برپا کردیا ہے۔ اگرچہ روبوٹکس کا استعمال صنعتی شعبے میں ابھی ابتدائی مراحل میں ہے لیکن اس ٹیکنالوجی سے متعلق ماہرین پیش گوئی کررہے ہیں کہ ایک روبوٹ سو مزدوروں کے برابر اینٹوں کا بھاری بوجھ اٹھا کر تعمیراتی صنعت میں اپنا مقام بنانے کے باعث جلد ہی مقبول ہوجائے گا۔
اس کے علاوہ، تعمیراتی صنعت میں ڈرونز کا استعمال تعمیراتی منصوبوں کا ڈیٹا جمع کرنے، تعمیراتی سائٹ کی نقشہ سازی کی ترتیب اور انجینئرز کو منصوبہ کی تازہ ترین اَپ ڈیٹ سے آگاہ کرنے کے لیے استعمال کیا جانے لگا ہے۔ اس کے ذریعے سائٹ سے نقشہ بنانے اور دو جہتی اور تین جہتی تصاویر بآسانی کھینچی جاسکتی ہیں۔
3D ٹیکنالوجی
تعمیراتی صنعت میں تھری ڈی ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جانے لگا ہے اور یہی وہ ٹیکنالوجی ہے جو آنے والے دنوں میں تعمیراتی صنعت کو اتنا تیز کردے گی کہ فوٹو اسٹیٹ مشین کی طرح تھری ڈی پرنٹر تیزی سے مکانات تعمیر کریں گے۔ اس کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے مٹیریل سورسنگ میں تبدیلیاں آتی ہیں۔ 3D پرنٹنگ آف سائٹ یا براہ راست سائٹ پر پہلے سے تعمیراتی حصے تیار کرنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔
پراجیکٹ مینجمنٹ سوفٹ ویئر
تعمیراتی صنعت میں پراجیکٹ مینجمنٹ سوفٹ ویئر کو بطور ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا رجحان بڑھنے لگا ہے۔ اس سافٹ ویئر کا استعمال پروجیکٹ منیجر منصوبے کے آغاز ، منصوبہ بندی حتیٰ کہ تمام تعمیراتی اعداد وشمارکو منظم کرنے کے لیے کرنے لگے ہیں۔
یہ سوفٹ ویئر پراجیکٹ منیجر کے لیے تین اہم فوائد کے ساتھ (استعداد یا کارکردگی، شفافیت اور احتساب) پروجیکٹ منظم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ منصوبوں کی ترقی کا جائزہ لینے، تعمیراتی کارکردگی کاموازنہ کرنے کے ساتھ ساتھ مجموعی تعمیراتی منصوبوں کو بھی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔