ایشین ہاکی فیڈریشن نے ایشیا کپ ہاکی ٹور نامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا جو23مئی سے یکم جون تک جکارتا میں کھیلا جائے گا جہاں ان دنوں ایشیا کپ ہاکی کے کوالیفائنگ رائونڈ کھیلے، ایشین فیڈریشن ایونٹ کا آفیشل اعلان 20مارچ کو کرے گی،ایشیا کپ میں پاکستان ،بھارت،جنوبی کوریا،جاپان، ملائیشیا، اور انڈونیشیا اور دو ٹیمیں کوالی فائی رائونڈ سے رسائی حاصل کرینگی، مقابلےجی بی کے سینیان ہاکی اسٹیڈیم جکارتا میں کھیلے جائیں گے، ایشیاء کپ ورلڈ کپ کاکوالیفائنگ ایونٹ ہےجس میں ایونٹ کی ٹاپ چار ٹیمیں عالمی ہاکی کپ میں شرکت کے لئے کولیفائی کرینگی۔
پاکستان ہاکی ٖ فیڈریشن نے اس ایونٹ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کے حتمی ٹرائلز31مارچ کو لاہور میں کرانے کا اعلان کیا ہے،جہاں قومی ہاکی کیمپ جاری ہےجو 28مارچ کو ختم ہوگا، کیمپ میں 32 کھلاڑی ایکشن میں ہیں۔ پاکستانی ہاکی ٹیم کے دو سابق کپتان اصلاح الدین اور سمیع اللہ نے کہا ہے کہ پی ایچ ایف پاکستان سپر ہاکی لیگ کے منصوبے کو جلد عملی جامع پہنائےتاکہ ملک میں ہاکی کی عالمی سر گرمی شروع ہوسکے، سابق کوچ قمر ضیاء کی صاحب زادی کی شادی کی تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دونوں کپتانوں نے کہا کہ پی ایچ ایف پچھلے کئی سالوں سے لیگ کرانے کی بات کررہی ہے مگراس حوالے سے اب تک کوئی واضح صورت حال سامنے نہیں آئی، ہاکی لیگ سے ملک میں اس کھیل کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ،نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور نوجوانوں میں نیا شوق پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے کامن ویلتھ گیمز کے لئے کھلاڑیوں کے تر بیتی کیمپ کے لئےپی ایس بی سے رابطہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کے لئے عید الفطر کے بعد کیمپ لگانا چاہتے ہیں۔
فیڈریشن نے کہا ہے کہ وائیلڈ کارڈ انٹری پر کھلاڑیوں کی شر کت یقینی ہے، فیڈریشن نے کامن ویلتھ گیمز کے لئے اپنے چار کھلاڑیوں کے نام پاکستان اولمپکس ایوسی ایشن کو بھیج دئیے ہیں، دو مرد کھلاڑیوں میں فہد خواجہ اور عثمان خواجہ،خواتین کھلاڑیوں میں راحیلہ کاشف اور قومی چیمپئن حائقہ حسن شامل ہیں، عرفان اللہ خان کوچ اور کفایت اللہ خان منیجر ہوں گے، پی او اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو انفرادی ایونٹ میں انٹری مل جائے، پاکستان کی ٹیم نے کامن ویلتھ گیمز کے لئے کوالیفائی نہیں کیا پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اینٹی ڈوپنگ آگاہی مہم کو تربیتی کیمپوں کا لازمی حصہ قرار دیتے ہوئے بورڈ کے میڈیکل ونگ کو ہدا یات جاری کر دی ہے۔
اس ہدایت کا اطلاق فوری طور پر ان دنوں اسلام آباد اور لاہور میں عالمی مقابلوں کے لئے جاری کیمپ پر ہوگا، تربیتی کیمپوں کے دوران اینٹی ڈوپنگ کے حوالے سے خصوصی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں کھلاڑیوں اور کوچز کو اینٹی ڈوپنگ کے حوالے سے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی( واڈا) کے پروگرامز کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی ، اس مہم کو موثر بنانے کے لئے بینرز، پمفلٹس اور ویڈیو کلپس بھی جاری کی جائیں گی۔پاکستان ہاکی ٹیم کے غیر ملکی گول کیپنگ کوچ باب ویلڈ ہاف نے کہاہے کہ ایشیائی اور یورپی گول کیپرز میں ٹیکنیک کا فرق ہے۔
انہوں نے کہا کہ گول کیپر کو بہترین ٹیکنیک کے ساتھ ساتھ ابتدئی عمر میں ہی تربیت درکار ہوتی ہے،پاکستان میں ہر دور کی طرح اس وقت بھی اچھے گول کیپرز ہیں مگر انہیں عالمی مقابلوں کا تجربہ نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ اچھی پر فار منس نہیں دکھاپاتے ہیں، کیمپ میں گول کیپرز کو جدید ٹیکنیک اور منصوبہ بندی سے متعلق ٹریننگ دی ہے۔ زیرتربیت گول کیپرزایشیا کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔زیڈ اے اسپورٹس کے زیر اہتمام منعقدہ بدر جعفری انوی ٹیشنکرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں داود اسپورٹس نے آغا خان جیمخانہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
مہمان خصوصی جاوید احمد خان سابق صدر کے سی سی اے زون دو نے انعامات تقسیم کئے،انہوں نے کہا کہ بدر جعفری سحرانگیز شخصیت کے مالک تھے اس شہر میں کرکٹ کے فروغ میں انہوں نے جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل تعریف ہے ، سعید جعفری نے کہا کہ آج ہمارے لئے بڑے خوشی کے لمحات ہیں کہ ہمارے بزرگ بدر جعفری کی کرکٹ کے فروغ میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئےان کے دوستوں اور ساتھیوں نے اتنے شاندار ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔
جمیل احمد چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی نے کہا کہ میرا بدر بھائی کے ساتھ بہت پرانا تھا وہ ایک شفیق شخصیت کے مالک تھے ، فائنل میں آغا خان جیمخانہ نے 193 رنز اسکور کئے کامران ولی نے 35 رنز ، جاوید منصور نے 34 رنز اور فیصل احمد نے 30 رنز اسکور کئے ولید عظیم نے تین جبکہ طلحٰہ احسان اور جنید نعیم نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ داؤد اسپورٹس نے مطلوبہ ہدف 194 چار وکٹوں پر پورا کرلیا نور ولی نے ناقابل شکست 69 رنز حیدر عباس نے 44 رنز اور نوید خان نے ناقابل شکست 32 رنز اسکور کئے کامران ولی نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔
ڈاکٹر جنید علی شاہ ٹی ٹین کرکٹ ٹورنامنٹ
اصغر علی شاہ میموریل اسپورٹس فاونڈیشن کے زیر اہتمام پہلا ڈاکٹر جنید علی شاہ ٹی ٹین کرکٹ ٹورنامنٹ تین اپریل سے اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، نصرت فہیم ٹورنامنٹ ڈاریکٹر جبکہ کمیٹی ارکان میں ڈاکٹر سید عمران علی شاہ پیٹرن،ا اسما علی شاہ صدر، عتیق الرحمن، وقار نعیم، فیصل شیخ اور مسرت رضا ممبران ہونگے۔ ٹورنامنٹ میں16ٹیمیں شریک ہونگیں فاتح ٹیم کو دو لاکھ اور رنر اپ ٹیم کو ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی ۔ ٹیمیں نصرت فہیم سے رابطہ کرسکتی ہیں۔