• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ آجکل مکان کی تزئین نو یا تزئین و آرائش پر بھی اچھی خاصی رقم خرچ ہوجاتی ہے۔ لیکن ماہرین تعمیرات اور پراپرٹی ڈیلرز کی نظر میں اس مد میں کی جانے والی سرمایہ کاری ایک دانشمندانہ قدم ہوتا ہے کیونکہ اس عمل سے مکان کی خوبصورتی بڑھتی یا اضافی جگہ کا حصول ممکن ہوتا ہے۔ تاہم، اگر محنت اور سمجھ داری سے کام لیا جائے تو آپ اپنے بجٹ میں رہتے ہوئے مکان کی قدروقیمت بڑھانے کا سامان کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے سب سے پہلے اُن چیزوں پر غور کریں، جن کے ذریعے لوگ آپ کے مکان سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

کمرے

کمروں کی تعمیر نو یا تزئین و آرائش خصوصی توجہ کی متقاضی ہوتی ہے۔ ایک پراپرٹی ایڈوائزرکے مطابق کمروں کو درست حالت میں لانے پر کی گئی سرمایہ کاری مکان کی قیمت میں10فیصد اضافے کا باعث بنتی ہے۔ ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ کمروں میں فالزسیلنگ اور دیواروں کی سجاوٹ کے ذریعے ان کی شکل بدلی جاسکتی ہے۔ 

کمروں میں فالزسیلنگ کے لیے ایسے ڈیزائن کا انتخاب کریں جو آپ کے بجٹ پر گراں بھی نہ گزرے اور دیکھنے میں بھی اعلیٰ لگے۔ اس کے لیے گلاس یا لکڑی کی فالز سیلنگ کے بجائے فلورل یا وال پیپر سیلنگ کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ کمروں کی تمام دیواروں پر رنگ و روغن کروانے کے بجائے کسی ایک دیوار پر رنگ وروغن تبدیل کرنے سے اس کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

کچن

ریئل اسٹیٹ کے حوالے سے ایک مشہور بین الاقوامی ویب سائٹ کی تعمیراتی گائیڈ کے مطابق کچن میں دانشمندانہ طریقے سے تبدیلی لاکر اس کو کشادہ کرکے مکان کی قیمت میں15فیصد اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ عموماً گھروں میں کچن ایسے حصے میں تعمیر کروایا جاتا ہے جس کے ساتھ آمدو رفت یا عقبی حصے میں جانے کے لیے گلی موجود ہوتی ہے۔ 

اگر آپ کا مکان بھی اسی طرز پر بنا ہوا ہے تو آپ اپنے کچن میں بآسانی توسیع کرسکتے ہیں یا کچھ نہیں تو اس گلی کو کچن کا حصہ بنانے کے لیے محض سلائیڈنگ دروازہ بھی لگایا جاسکتا ہے اور وہاں چند کرسیاں اور ایک چھوٹی میزرکھ کر چھوٹے سے ڈائننگ ایریا کی شکل دی جاسکتی ہے۔ 

اس کے علاوہ، اگر بجٹ اجازت دے تو کچن کیبنٹس کا رنگ تبدیل کروائیں اور کچھ نہیں تو کیبنٹس یا درازوں کے پرانے ہینڈل بدل دیں۔ کچن کا فرش اگر بوسیدہ ہوگیا ہے تو نئے ٹائلز یا ماربل لگوائیں، بصورت دیگر رگس یا پلاسٹک بچھاکر اس کو بہتر کیا جاسکتا ہے۔

باتھ روم

باتھ روم اگر اچھی حالت میں نہیں ہے تو یہ کسی بھی کمرے کی خوبصورتی کو داغدار کرسکتاہے، چنانچہ بجٹ میں رہتے ہوئے اس کی حالت بہتر کرنے کے لیے کچھ تبدیلیاں کرنی چاہئیں۔ اگر آپ کا بجٹ کم ہے تو باتھ روم کی تمام دیواروں پر ٹائل لگانا خاصا مہنگا کام ہوگا، لہٰذا کنٹراسٹ میں خراب ٹائلز کی تبدیلی ایک اچھا فیصلہ ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ، باتھ روم میں سینٹری سامان تبدیل کرنےسے بھی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

بیرونی حصہ

مکان کا بیرونی حصہ لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالیتا ہے۔ اس حصے میں خوبصورت لینڈ اسکیپنگ کے ذریعے مکان کی قدروقیمت میں 10فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ مکان کے بیرونی حصے میں رنگ وروغن کسی بھی مکان کی قدروقیمت بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔ 

تاہم اگر بجٹ اجازت نہ دے تو باغیچے کی تزئین پر دھیان دیتے ہوئے اس میں کچھ ضروری تبدیلیاں لانے کی کوشش کریں۔ اس کے لیے پھل، پھول، درختوں اور سبزیوں کے قطعے بنانا، پلے ایریا کا اضافہ، سٹنگ ایریا وغیرہ کا انتظام کرنا بہتر رہے گا۔ اگر مکان کے بیرونی دروازے کی حالت اچھی نہیں تو اسے تبدیل کرنے یا پھر مرمت کے بارے میں سوچیں۔

گیراج

کچھ مکانات میں مختلف وجوہات کی بنا پر گیراج کو گاڑی کھڑی کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جاتا۔ ایسی صورت میں اس میں کچھ تبدیلیاں کرکے لیونگ ایریا کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ریئل اسٹیٹ ویب سائٹ پر دیے گئے اعدادو شمار کے مطابق گیراج کو اگر لیونگ ایریا میں تبدیل کردیا جائے تو مکان کی قدر وقیمت میں 15فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔ 

ماہرین کے مطابق گیراج کو لیونگ ایریا کا رُوپ دینے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے پاس کار پارکنگ کے لیے متبادل جگہ موجود ہو ورنہ مستقبل میں اسے پھر سے گیراج میں تبدیل کرنا پڑے گا اور آپ کی رقم ضائع ہوجائے گی۔ گیراج کی لیونگ ایریا میں تبدیلی کے لیے سب سے اہم اس بات کا جائزہ لینا ہے کہ گیراج میں کس قسم کی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ مثال کے طور پر گیراج میں دیواریں، چھت، نکاسی آب کا نظام یا بجلی کے تار اس قابل بھی ہیں کہ وہ لیونگ ایریا میں تبدیلی لانے کا عمل سہہ سکیں۔

بیسمنٹ

مکان کی تزئین نو یا تزئین و آرائش کے دوران مکان کے تمام حصوں کے مقابلے میں بیسمنٹ پر سب سے کم توجہ دی جاتی ہے۔ ریئل اسٹیٹ ویب سائٹ کے مطابق مکان کے بیسمنٹ میں کی جانے والی تبدیلی، اس کی قیمت میں 30 فیصد اضافے کا باعث بنتی ہے۔ لیکن اس کے لیے بیسمنٹ کی اسکوائر فٹ تعمیراتی لاگت آپ کے علاقے کی اسکوائر فٹ لاگت سے کم ہونی چاہیے۔

اگر آپ بیسمنٹ کے لیے اسٹرکچر میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو اس حوالے سے ماہرین تعمیرات سے ضرور مشورہ کریں کیونکہ کھدائی، اسٹرکچرل انجینئرنگ اور واٹر پروفنگ تک ایک ماہر کی رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ لہٰذا ایسے پیشہ ور شخص کی مدد حاصل کریں جو بہتر حل تجویز کرے تاکہ مستقبل میں کسی بھی طرح کی پریشانی سے بچا جاسکے۔

تعمیرات سے مزید