• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے حکومت ہی نہیں اپوزیشن بھی خطرے میں نظر آ رہی ہے، عامر خان

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں، اُن کے پابند نہیں ہیں۔

ایک بیان میں عامر خان نے کہا کہ مجھے تو حکومت بھی خطرے میں نظر آرہی ہے اور اپوزیشن بھی، فیصلہ حکومت کے خلاف آئے یا اپوزیشن کے دونوں کو قبول کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقبولیت کا فیصلہ الیکشن میں ہوتا ہے، اپوزیشن اور حکومت دونوں کی طرف سے ہم سے ملاقاتیں ہورہی ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ ایم کیو ایم شاید پیسے پکڑلیے ہیں، حکومت اور اپوزیشن سے بات ہورہی ہے فیصلہ رابطہ کمیٹی میں ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ 3 سال میں پی ٹی آئی سے ہمیں کوئی بہت زیادہ نقصان بھی نہیں پہنچا، حکومتی جماعت نے اپنی دانست میں ہم سے کیے وعدہ پر کوشش کی۔

عامر خان نے یہ بھی کہا کہ الیکشن میں جو ہماری سیٹیں لی گئیں، اس پر ہمارے تحفظات ہیں، ہم پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں ان کے پابند نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زبانی طور پر کہہ دینا کہ ہم نے تمام مطالبات مان لیے کافی نہیں، حکومت اور اپوزیشن کے ساتھ بات ہورہی ہے، فیصلہ رابطہ کمیٹی میں ہوگا۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ بڑے زخم کھائے ہیں، ان کا مداوا کرنے کی یقین دہانی ہو تو فیصلہ کریں گے، حکومت جو کچھ کارکردگی دکھاسکتی تھی، اس نے دکھائی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات میں کوئی عہدہ یا وزارت نہیں ہے، متحدہ نے اصولی طور پر بات کی ہے اصولوں پر مذاکرات کیے ہیں۔

عامر خان نے کہا کہ ساری چیزیں رابطہ کمیٹی کے سامنے رکھیں گے پھر فیصلہ ہوگا، جو ہم نے مطالبات رکھے ہیں، جب تحریری کی شکل میں آئیں گے تو بات ہوسکے گی۔

قومی خبریں سے مزید