• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام میڈیا پریڈ گراؤنڈ میں کوریج کیلئے موجود ہے، فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کا تمام میڈیا پریڈ گراؤنڈ میں کوریج کیلئے موجود ہے، بین الاقوامی میڈیا کے  43 سے زیادہ نمائندے پریڈ گراؤنڈ جلسے کی کوریج کیلئے موجود ہونگے۔

سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ امر بالمعروف جلسے کی عالمی کوریج ہو رہی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام ورکرز سے اپیل کرتا ہوں میڈیا کارکنوں، رپورٹرز، عملے کو کام میں سہولت دیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو میڈیا کی آنکھ نے ہی یہ عظیم جلسہ دکھانا ہے، تمام میڈیا چینلز اور ورکرز ہمارے لیے سر آنکھوں پر ہیں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کا حسن یہ بھی ہے کہ ہم تنقید بھی برداشت کریں۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج ہونے والے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات اپنے ایک پیغام میں عوام سے جلد از جلد اسلام آباد پہنچنے کی اپیل کی تھی۔

رات گئے اپنے آڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج جو جلسہ ہورہا ہے، یہ تحریک انصاف کی نہیں، پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے۔

قومی خبریں سے مزید