• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی کے درمیان معاہدہ سامنے آگیا

متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی کے درمیان معاہدہ سامنے آگیا، دونوں جماعتوں کے درمیان ہوا تحریری معاہدہ 12 نکات پر مبنی ہے۔

معاہدے کے متن کے مطابق پیپلز پارٹی لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ایکٹ میں ترامیم 30 دن میں سندھ اسمبلی سے منظور کروائی جائیں گی۔

معاہدے کے مطابق ایم کیو ایم کی سفارش پر کسی سیاسی فرد کو کے ایم سی کا ایڈمنسٹریٹر لگایا جائے گا، مقامی حکومتوں کے لیے فنڈز کی تقسیم این ایف سی ایوارڈ 2010 کے فارمولے کے تحت ہوگی۔

تحریری معاہدے کے مطابق حیدر آباد میونسپل کارپوریشن کے لیے ایم کیو ایم 3 سرکاری افسران کےنام سندھ حکومت کو بھیجےگی، سندھ حکومت بھیجے گئے 3 ناموں میں سے کسی ایک کو حیدرآباد کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کرے گی۔

معاہدے کے مطابق مقامی حکومتوں کی نئی حدود کا تعین باہمی مشاورت، معاہدے کے تحت کیا جائےگا، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ کا تقرر قانون کے مطابق باہمی مشاورت اور معاہدے کے تحت کیا جائے گا۔

معاہدے کے متن کے مطابق سندھ میں افسران کے تبادلے، تقرریاں باہمی مشاورت سے کی جائیں گی، پیپلز پارٹی صوبائی حکومت کے لیے بھی ایم کیو ایم سے مشاورت اور تحریری معاہدہ کرے گی۔

ایم کیو ایم کے ایم سی کے میونسپل کمشنر کے لیے بھی 3 نام سندھ حکومت کو بھیجےگی، ایم کیو ایم کے بھیجے گئے ناموں میں سے کسی ایک افسر کو میونسپل کمشنر تعینات کیا جائے گا.

معاہدے کے  متن کے مطابق ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی سینٹرل،کورنگی اور ایسٹ کے لیے بھی ایم کیو ایم 3،3 نام بھیجےگی، سندھ حکومت بھیجی گئی فہرست میں سے افسران کو ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سیز مقرر کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید