وہ دن دور نہیں جب بہت جلد شہر کراچی کو اسپورٹس کا گہوارہ بنایا جائے گا، ان خیالا ت کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ نے ملیر یکجہتی کلر کٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کی کلر شرٹس کی تقریب رونمائی کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ممبر فنانس سید شجاعت حسین، سیکریٹری کے ڈی اے شمس الحق صدیقی، ڈائریکٹر لینڈ وریل اندھڑ، ڈائریکٹر اسپورٹس سید خرم عارف، ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہاؤسنگ طارق رفیع،آل سندھ آفیسرز ویلفیئر ایسوی ایشن کے جوائنٹ انچارج نوید انور صدیقی، ایڈیشنل ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز منشی، اسپورٹس آرگنائزر ایم نسیم اور میڈیا کوآرڈینیٹرکاشف احمد فاروقی بھی موجود تھے۔
ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ کھیل کے میدانوں پر قبضہ اور غیر قانونی تجاویزات برداشت نہیں کی جائیں گی، کراچی میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ہم سب نے مل کر اپنا حصہ ملانا ہوگا۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا بھی یہی کہنا ہے کہ کراچی کو میگا اسپورٹس سٹی بنا کر بین الاقوامی طرز کے کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے، تاکہ ماضی کی طرح اس شہر کراچی سے جاوید میاں داد، یونس خان، راشد لطیف، معین خان، اصلاح الدین، حنیف خان، سرفراز احمد، فواد عالم اور دیگر کھلاڑی بھی پیدا ہوکر ملک کا نام روشن کریں گے۔
ممبر فنانس کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے کہا کہ انشاء اللہ جلد ہی ادارے کے حالات بہتر ہوتے ہی کے ڈی اے کے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو پہلے کی طرح بحال کریں گے۔ جبکہ سیکریٹری کے ڈی اے شمس الحق صدیقی نے کہا کہ کے ڈی اے کی ماضی کی اسپورٹس کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے شعبہ اسپورٹس کو جلد بحال کیا جائے گا، عنقریب ایک نمائشی میچ ڈی جی الیون اور ڈائریکٹر الیون کے مابین کھیلا جائے گا۔