پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی نائب صدر فاطمہ لاکھانی نے کہا ہے کہ گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی کراچی اسپورٹس فاؤنڈیشن نے رمضان المبارک میں معاشی طور پر کم زورکھلاڑیوں، آ رگنا ئزر اور گراؤنڈز اسٹاف میں راشن بیگز کی مفت تقسیم کی فراہمی کا جو بیڑا اٹھایا ہے وہ نہ صرف خدمت خلق کی بہترین اور اعلی مثال ہے بلکہ یہ عمل انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے امن، محبت اور یگانیت کے پیغام کاعملی نمونہ بھی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اولمپیئن اصلاح الدین ڈاکٹر شاہ ہاکی اکیڈمی میں کے ایس ایف کے تحت مستحق کھلاڑیوں، کوچز اور گراونڈاسٹاف میں رمضان پیکج راشن بیگز کی تقسیم کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر پاکستان ہاکی کے سابق کپتان اولمپئین اصلاح الدین صدیقی، سمیر حسین، کے ایس ایف کے صدر سیدوسیم ہاشمی، چیئرمین آصف عظیم، کومبیکس اسپورٹس کے جنرل مینیجر زبیر ماچا، پی او اے ویمن کمیشن کی سیکریٹری وینا مسعود، نرگس رحیم تولہ، فروٹ نیشن کے فیصل خان سمیت مختلف اسپورٹس ایسوسی ایشنز کے نمائندے بھی موجودتھے فاطمہ لاکھانی کا کہنا تھا کہ ا نسانیت کی خدمت کے اس نیک کام کی پیروی ملک میں کھیلوں کی فیڈریشنز، ایسوسی ایشنز اور کھیلوں سے وابستہ دیگر تنظیموں کوبھی کرنی چاہیے۔
اولمپئین اصلاح الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ اسپورٹس ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے علاوہ بھی کے ایس ایف کے عہدیداران ذاتی طور پر بھی موجودہ صورتحال میں بے روزگار ہونے والے کئی کھلاڑیوں اور آرگنائزر سے رابطہ کر کے مکمل رازداری اور ناموں کو پوشیدہ رکھ کر ان کے گھروں میں راشن بیگز پہنچا رہے ہیں اس قومی خدمت کی ادائیگی کیلئے کراچی اسپورٹس فاؤنڈیشن کیجانب سے کی گئیں کاوششیں لائق تحسین اور دوسروں کیلئے قابل تقلید ہے مخیرحضرات انسانیت کی خدمت کے اس کارخیر میں کے ایس ایف کی بھرپور معاونت کریں۔
کے ایس ایف کے صدر سید وسیم ہاشمی کا کہنا تھا کہ فاؤنڈیشن کیجانب سے مجموعی طورپر ابتک 500 سے زائد خاندانوں میں راشن کی تقسیم کاعمل مکمل کرلیا گیا ہے ہم مستحق کھلاڑیوں کی عزت نفس اور وقار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ان کے نام اور چہرے سامنے نہ لانے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہیں دوسرے مرحلے میں رمضان کے آخری عشرے میں عید گفٹس تقسیم کئے جائیں گے۔
چیئرمین آصف عظیم نے کہا کہ مختلف اداروں اور صاحب ثروت شخصیات کی سرپرستی اور معاونت سے مستحقین میں راشن بیگزکی تقسیم کادائرہ کار کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں تک وسیع کررہے ہیں کوشش ہے کہ راشن بیگزکی تقسیم کے ساتھ ساتھ بے روزگار ہونے والے کھلاڑیوں کی مدد کیلئے بھی زیادہ سے زیادہ اقدامات کریں، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا کہ شہر قائد امن، اتحاد اور بھائی چارگی سے محت کرنے والوں کا شہر ہے شہر کراچی میں کھیلوں کا فروغ مثبت سوچ کا عکاس ہے یہ شہر اسپورٹس سٹی بے گا اور یہاں موجود ٹیلنٹ کو مکمل سرپرستی کرکے اپنے ٹیلنٹ کے ذریعے دنیا میں پاکستان کا نام سربلند کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ تقریب میں شہر قائد میں کھیلوں کی معروف شخصیت کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان کو تیسری کمشنر کراچی سٹی مراتھن میں شاندار کوشوں پر خصوصی ایوارڈ سے نوازا۔اس موقع پر سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر ماسٹر اصغر بلوچ،عابد حسین بروہی اور دیگر موجود تھے۔
کمشنر کراچی اقبال میمن نے کہاکہ شہر کراچی میں کھیلوں کے فروغ سے وابستہ افراد کی کاوشوں کے ذریعے ہم شہر کو کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز بنا ئیں انہوں نے کہاکہ غلام محمد خان کا شہر قائد میں باسکٹ بال سمیت مختلف کھیلوں کے فروغ میں کردار قابل تحسین ہے،شہر میں منعقدہ تینوں میراتھن کو کامیاب بنانے میں غلام محمد خان نے شب روز اقدامات کئے ہیں کمشنر کراچی اقبال میمن نے کہا کہ انشا اللہ چوتھی کمشنر کراچی سٹی میراتھن تاریخی انداز میں منعقد کیا جائیگا۔
وزیر بلدیات، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے رات بہادر آباد کے کوکن گراؤنڈ میں کراچی پیس ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کردیا۔ٹورنامنٹ میں کراچی کی 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس موقع پر رکنِ صوبائی اسمبلی سندھ سید زوالفقار علی شاہ، وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی اقبال ساند، سیکریٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ رحمت اللہ شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ٹورنامنٹ، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی شرقی کراچی، سندھ پولیس اور پاکستان رینجرز سندھ کے تعاون سے منعقد ہورہا ہے۔
اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے کہا کہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری روشنیوں کے شہر کراچی کی روشنیاں اور رونقیں بحال کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت چیئرمین بلاول کے وژن کے مطابق کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کھیل اسپورٹس مین اسپرٹ کو فروغ دیتے ہیں اور اسپورٹس مین اسپرٹ آج کل کم ہوتی جارہی ہے لیکن ہم پرامید ہیں کے کھیلوں کے انعقاد اور فروغ سے اسپورٹس مین اسپرٹ کو بھی فروغ ملے گا۔
کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ضلع شرقی کراچی رحمت اللہ شیخ، سندھ پولیس اور پاکستان رینجرز سندھ کے اعلیٰ افسران کے علاؤہ میڈی کیم گروپ کے خرم احمد نینی تال، محترمہ اسماء علی شاہ، اور دیگر معروف شخصیات جن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز فقیہہ، جے ڈی سی کے ظفر عباس، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے، علاقے کے سیاسی و سماجی عمائدین، دیگر مشاہیر میڈیا کے نمائندے اور علاقے کے نوجوان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ( نصر اقبال)