لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان سے ڈاکو ہتھیاروں کے زور پر پونے دو کروڑ روپے مالیت کی قیمتی گھڑی چھین کر فرار ہوگئے۔عامر خان نے 18اپریل کو اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ڈکؤوں نے انہیں لندن کے پوش علاقے میں ہتھیاروں کے زور پر یرغمال بناکر ان سے گھڑی چھینی۔سابق باکسر کے مطابق وہ اپنی اہلیہ فریال مخدوم کے ہمراہ وہاں گئے تھے مگر اچھی بات یہ ہے کہ جب انہیں لوٹا گیا تب ان کی اہلیہ ان سے کچھ قدم پیچھے تھیں۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں گھڑی کی مالیت نہیں بتائی اور اس بات پر شکرانے ادا کیے کہ وہ اور ان کی اہلیہ محفوظ رہے۔عامر خان کو لوٹے جانے کے حوالے سے برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ ان سے لوٹی گئی گھڑی کی رقم 72 ہزار پاؤنڈ یعنی پاکستانی تقریبا دو کروڑ روپے تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ عامر خان کی گھڑی میں 719 ہیرے جڑے ہوئے تھے جب کہ اس میں سونا بھی جڑا ہوا تھا۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی نژاد باکسر کی گھڑی کی مالیت پونے دو کروڑ روپے تھی، جس کے چھن جانے کے بعد انہوں نے پولیس میں شکایت بھی درج کر وادی اور میٹرو پولیٹن پولیس نے معاملے کی تفتیش بھی شروع کردی۔مذکورہ واقعے سے قبل بھی عامر خان کے ساتھ چھینا جھپٹی اور لوٹ مار کے واقعات ہو چکے ہیں، 2012میں بھی ڈاکوؤں نے لندن میں ان سے تقریبا ڈھائی کروڑ روپے مالیت کی قیمت کار چھیننے کی کوشش کی تھی۔عامر خان کو مہنگی اور پرتعیش گھڑیاں اور گاڑیاں رکھنے کی وجہ سے دنیا بھر میں منفرد شہرت حاصل ہے، ان کے حوالے سے دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ان کے پاس متعدد مہنگی کاریں اور گھڑیاں ہیں، جن کی مالیت کروڑوں روپے میں ہے۔