• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف عید کے بعد پاکستان آئیں گے، جاوید لطیف

اوکاڑہ (وارث حیدری)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماو رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے عید الفطر کے بعدنواز شریف کے پاکستان آنے کی پیشگوئی کردی اور ساتھ ہی بلاول بھٹو کے بطور وزیر خارجہ حلف اٹھانے کی تصدیق کردی۔

 پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے اوکاڑہ میں مسلم لیگ ن کسان ونگ کے مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق کی طرف سے دئیے گئے افطار ڈنر کے بعد ”جنگ“ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف پاکستانی عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کےلئے اپنا آئینی اور قانونی کردار ادا کرنے کے لئے عید الفطر کے بعد پاکستان میں نظر آئیں گے،ہم آئین قانون میں رہتے ہوئے مقدمات کا مقابلہ بھی کریں گے اور جو فیصلے عدالتیں کریں گی اسے قبول بھی کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں میاں جاوید لطیف نے کہا کہ وزیر خارجہ کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو کا نام دیا ہے وہ اپنے بیرونی دورے سے واپسی پر بطور وفاقی وزیر خارجہ حلف اٹھائیں گے.

ایک اور سوال پر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ اوکاڑہ سے آزاد رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن کی مسلم لیگ ن میں شمولیت ایک ایسا خوشگوار،طاقتور اضافہ ہے جس پر میاں نوازشریف سے لے کر ہر کارکن خوش اور پارٹی کو مذید طاقتور سمجھ رہا ہے.

مسلم لیگ ن ان شاء اللہ جگنو محسن کی خداداد صلاحیتوں سے ایوان کے اندر،باہر،عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے بھر پور فائدہ اٹھائے گی،ایک اور سوال پر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان نیا پاکستان تو نہ بنا سکے ایک ایسا نیا معاشرہ بنا گئے جس میں ادب،احترام،وضع داری نام کی کوئی چیز نہیں، جو کھیل مرکز میں کھیلا گیا وہی پنجاب میں کھیلا گیا.

دنیا کی تاریخ میں پہلی بار نان ممبرز نے منتخب ارکان پر تشدد کیا،اس سارے معاملے میں آئین اور قانون شکنی تو ہوئی لیکن چوہدری پرویز الٰہی نے اپنی خاندانی شرافت اور وضع داری کو بھی خاک میں ملا دیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما چوہدری فیاض ظفر، مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی میاں یاور زمان،چوہدری منیب الحق،چوہدری افتخار حسین چھچھر،چوہدری جاوید علاؤالدین اور مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر میاں محمد منیر بھی موجود تھے،میاں جاویدلطیف مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر اوکاڑہ میں مریم نواز کے عوامی جلسہ کی تیاریوں کے سلسلہ میں آئے تھے۔

اہم خبریں سے مزید