کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق نے اپنے پینل کے سامنے سوال رکھا کہ کیا ٹرمپ بھارت کو پاکستان کے سات براہ راست مذاکرات کے لیے دباؤ ڈال کر آمادہ کرسکتے ہیں؟ جواب میں تجزیہ کار مظہر عباس، اعزاز سید، ارشاد بھٹی اور محمل سرفراز نے کہا کہ پاکستان جو بھی قدم اٹھاتا ہے وہ چین کو اعتماد میں لے کر کرتا ہے، برطانوی فارن سیکرٹری باضابطہ پاک بھارت مذاکرات کی کوشش کر رہے ہیں، نیویارک میں بلاول بھٹو کی جانب سے امریکہ سے پاک بھارت تنازعات میں ثالثی کی اپیل کی گئی ہے تاہم بھارت کی موجودہ پالیسی اور مودی حکومت کے رویے کو دیکھتے ہوئے یہ عملی طور پر ممکن نظر نہیں آتا۔ البتہ پاکستان کی اس حکمت عملی سے سفارتی محاذ پر فائدہ ضرور ہوگا خصوصاً ایسے وقت میں جب ٹرمپ حکومت نے پاکستان کی تعریف کی ہے۔ برطانوی فارن سیکرٹری بھی مذاکرات کی باضابطہ کوششوں میں مصروف ہیں۔ امریکہ سعودی عرب اور یو اے ای اگر مشترکہ دباؤ ڈالیں تو پیش رفت یقینی ہے۔