کراچی( افضل ندیم ڈوگر) اسلام آباد سے دوحہ کی پرواز میں سفر کرنے والے برطانوی شہری کی طبیعت خراب ہونے پر طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی میں لینڈ کرایا گیا۔ مسافر کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 633 اسلام آباد سے دوحہ جا رہی تھی کہ پاکستان کی فضائی حدود میں طیارے میں سوار ایک برطانوی شہری کی طبیعت خراب ہوئی۔ جس پر ایئر ٹریفک کنٹرولر کی اجازت سے پائلٹ نے کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر مسافر کا معائنہ کیا اور ہنگامی طبی امداد فراہم کی۔ تاہم مسافر کی طبیعت مسلسل خراب ہونے پر اسے آف لوڈ کر کے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بعدازاں پرواز دیگر مسافروں کو لے کر منزل کے لیے روانہ ہوگئی۔