• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2017ء میں MAD آرکیٹیکٹس کو بیجنگ میں بزرگ شہریوں کے اپارٹمنٹ کے ساتھ ایک کنڈرگارٹن ڈیزائن کرنے کا کام سونپا گیا تھا تاکہ ’انٹرجنریشنل انٹیگریشن‘ کے ذریعےپری اسکول کی تعلیم اور بزرگوں کی دیکھ بھال کو ایک جگہ کیا جائے۔ یہ کورٹ یارڈ کنڈرگارٹن 9ہزار275مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے، جس میں 18ویں صدی کا اصل Siheyuanکورٹ یارڈ، 1990ء کی دہائی میں بنایا گیا اسی جیسا ایک دوسرا کورٹ یارڈ اور ایک چار منزلہ جدید عمارت شامل ہے۔ 2019ء کے آخر میں تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد یہاں 1.5سے6سال کی عمر کے تقریباً400 بچوں کیلئے پری اسکول ایجوکیشن مہیا کی جارہی ہے۔

MAD آرکیٹیکٹس کے بانی ما یانسونگ کا کہنا ہے، ’’جب میں نے اپنے کنڈرگارٹن کے سالوں پر نظر ڈالی اور یہاں تک کہ بڑے ہونے کے بعد جو میں نے دیگر کنڈرگارٹن دیکھے، میں ہمیشہ سوچتا تھا کہ یہ کیا چیز ہے جس کے لیے بچے سب سے زیادہ ترستے ہیں۔ شاید یہ آزادی اور محبت ہے۔ ایک کنڈرگارٹن کو ہمیشہ پیچیدہ ہارڈویئر یا فکسچر پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی، لیکن اسے ہمیشہ بچوں کو آزادی اور محبت کا احساس دلانا چاہیے۔ ایک ایسی چیز جو انہیں لامتناہی امکانات کی طرف لے جاتی ہے‘‘۔

پراجیکٹ کی تشکیل میں، MAD آرکیٹیکٹس نے 18ویں صدی کے تاریخی Siheyuanکورٹ یارڈ کے باہر، بعد میں بنائے جانے والے کورٹ یارڈ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور اسے ایک نئی جگہ سے تبدیل کردیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ مختلف جہتوں سے ابھرنے والا تناؤ عمارت کو ایک نئی زندگی بخشتا ہے۔ نیا کورٹ یارڈ پرانے پر سایہ نہیں کرتا، جب کہ ماضی حال کو پیچھے نہیں چھوڑتا۔

نئی عمارت ایک ’تیرتی ہوئی چھت‘ کا منظر پیش کرتی ہے، جو مختلف کھلی جگہوں کو آپس میں جوڑتی ہے اور لوگوں کو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ کسی نئی جگہ داخل ہو گئے ہوں۔ سرخ رنگ کی دیواروں اور پیلے رنگ کی ٹائلوں کے علاوہ پرانے بیجنگ کی تنگ گلیوں کے فن تعمیر پر نیلی اینٹوں اور سرمئی ٹائلوں کا غلبہ ہے۔ یہ کنڈرگارٹن لوگوں کو اس سیاق و سباق سے آگے لے جانے کی کوشش کرتا ہے، کہ وہ اپنے سامنے طویل تاریخ کو دیکھ اور تصور کرسکیں۔ 

کورٹ یارڈ کی چھت کی لہر دار نقشہ سازی مریخ کا منظر پیش کرتی ہے، جو بچوں کو دوڑنے، کھیلنے اور ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرنے پر آمادہ کرتی ہے۔ قدیم کورٹ یارڈ، پرانے درختوں اور لامحدود آسمان کے ساتھ مل کر ایک غیر حقیقی ماحول بچوں کو سوچنے، غور کرنے اور لامتناہی امکانات کا پیچھا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

زمینی سطح پر، MAD آرکیٹیکٹس نے اصل مقام پر کئی پرانے درختوں کے ارد گرد تین کورٹ یارڈ بنائے ہیں۔ نیا کورٹ یارڈ پرانے Siheyuan اسٹرکچر سے مطابقت رکھتا ہے، ساتھ ہی تدریسی جگہوں کو روشنی، وینٹی لیشن اور بیرونی توسیع فراہم کرتا ہے جبکہ سلائیڈز اور سیڑھیاں کورٹ یارڈز کو اوپر چھت سے جوڑتی ہیں۔ 

اس منصوبے پر مزید بات کرتے ہوئے ما یانسونگ کہتے ہیں، ’’پرانے بیجنگ میں بہت سی سرنگیں، چھتیں اور کورٹ یارڈ وغیرہ ہیں۔ کورٹ یارڈ، خاص طور پر فطرت کے مشرقی منظر کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہاں، فطرت بنیادی موضوع بنتی ہے اور فن تعمیر اس کے گرد گھومتا ہے۔ کورٹ یارڈ میں فطرت، دنیا اور انسانی زندگی موجود ہے، جو فن تعمیر کا مرکز بنانے کے لیے مل کر کام کرتی ہے‘‘۔

جیسے ہی کوئی اوپر کی جانب سے عمارت کے اندرونی حصے میں داخل ہوتا ہے، تو اسے یہ حصہ گرم اور روشن محسوس ہوتا ہے۔ بچوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے عمارت کے اندرونی حصے کو المونیم گرل سے بند کیا گیا ہے، جو اس کی بصری اونچائی کو کم کرتا ہے۔ دریں اثناء، فرش سے چھت تک شیشے کی دیواریں اندرونی حصے میں سورج کی روشنی پہنچاتی ہیں اور اس طرح قدیم کورٹ یارڈ کے ساتھ ایک بصری تعلق قائم ہوتا ہے۔ یہاں، پرانی اور نئی عمارتوں کے درمیان تین سو سالہ خطی تاریخ تین جہتی بن جاتی ہے۔

لابی کے مشرقی جانب پہلی منزل سے نچلی سطح کو زبردست انداز میں تھیٹر کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کی چھت دو لسانی کارٹون کتابوں کی ایک گول دیوار سے گھری ہوئی ہے۔ تھیٹر کا اسٹیج دو سطح کے انڈور کھیل کے میدان کے داخلی راستے کے طور پر دُگنا ہو جاتا ہے، جو نہ صرف بچوں کی سرگرمیوں کے لیے جگہ مہیا کرتا ہے بلکہ پورے کنڈرگارٹن کے لیے آرٹس اور کھیلوں کی تقریبات منعقد کرنے کی جگہ بھی فراہم کرتا ہے۔ لابی کا مغربی حصہ ’لرننگ ایریا‘ کی طرف لے جاتا ہے۔

اس ایریا کے اندر، مختلف مخلوط عمر کے سیکھنے والے بچوں کے گروپ کو چاروں اطراف سے بند دیواروں سے علیحدہ نہیں کیا جاتا بلکہ ہر تھوڑے فاصلے پر خمیدہ دیواروں سے الگ کیا جاتا ہے جو کہ دراصل عمارت کے لیے معاون ڈھانچے ہیں۔ ’’بارڈر لیس‘‘ سیکھنے کی جگہ، پڑھنے کا ماحول اور تحقیقی کھیل کے ذریعے سیکھنے پر توجہ مرکوز کرنے والا نصاب، نہ صرف بچوں کے درمیان تعامل کو تقویت بخشتا ہے بلکہ ایک بہترین ماحول میں پڑھانے اور سیکھنے کی اجازت بھی دیتا ہے۔

اس عمارت میں تین اطراف سے داخلہ ہے جو کورٹ یارڈ اور راہداریوں کے ذریعے نئی جگہ سے منسلک ہوتا ہے۔یہ بچوں کی غیر نصابی ثقافتی، فنکارانہ اور تخلیقی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دفتری عملے کیلئے دفتر کے طور پر کام کرتا ہے۔ کورٹ یارڈز کی چھتیں، ٹائلیں اور پرانے درخت ایک تاریخی اور قدرتی ماحول پیدا کرتے ہیں۔ یہ بچوں کے ذہنوں میں تحریک اور عکاسی کا ایک نقطہ ہیں، جس سے انھیں تاریخ کے بارے میں اپنی سمجھ کو وسیع کرنے کا موقع میسر آتا ہے۔

تعمیرات سے مزید