پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی خط ڈرامے کی وجہ عارف نقوی کے خلاف متوقع فیصلہ ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ عارف نقوی جس الزام میں پکڑا گیا ہے، اس گھپلے میں عمران خان بھی شریک ہے، عمران خان نے عارف نقوی سے لاکھوں ڈالر غیر قانونی طور پر لیے ہوئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ اداروں پر حملے، گھیراؤ جلاؤ کا سبق بھی جلد انتخابات کے لیے دباؤ بڑھانے کا حربہ ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کان کھول کرسن لو! تمہاری غنڈہ گردی اور دھمکیاں اب تمھاری اپنی تباہی کا باعث بنیں گی، اپنی حکومت نہ سنبھال سکا، اپنی پارٹی نہ سنبھال سکا اور باتیں سن لو۔
مریم نواز نے کہا کہ تمھارا کھیل ہمیشہ کے لیے ختم ہوگیا۔