• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرتار پور راہداری پر بھارتی پروپیگنڈا سختی سے مسترد کرتے ہیں: دفترِ خارجہ


دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کرتار پور راہداری سے متعلق بدنیتی پر مبنی بھارتی پروپیگنڈا سختی سے مسترد کر دیا۔

جاری کیے گئے ایک بیان میں ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری کا بزنس ملاقاتوں کے لیے مبینہ استعمال کا بھارتی پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں، یہ من گھڑت پراپیگنڈا بھارت کی دانستہ جھوٹی مہم کا حصہ ہے، بھارتی جھوٹی مہم کا مقصد کرتار پور راہداری کھولنے کے تاریخی اقدام کو نقصان پہنچانا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’امن کی راہداری‘ کو بدنام کرنے کی یہ بھارتی کوشش نئی نہیں، بھارت اپنی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے سنگین ناانصافیوں سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت میں مسلمانوں کو ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے بے دردی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کو اولین ترجیح دیتا ہے، پاکستان میں ہر کمیونٹی کے مذہبی مقامات، قابلِ احترام مقامات کا تقدس یقینی بنایا گیا ہے، حال ہی میں پاکستان نےبھارت سے آئےہوئے 2 ہزار سے زیادہ سکھ یاتریوں کی میزبانی کی، یہ سکھ یاتری سالانہ بیساکھی تہوار میں شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ زائرین کو ان کے مقدس مذہبی مقامات تک رسائی کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے، دنیا بھر کی سکھ برادری مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہتی ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ بھارت کرتار پور راہداری پر غلط بیانی سے باز رہے، کرتارپور راہداری حکومتِ پاکستان کی طرف سے سکھ برادری کے لیے تحفہ ہے، بھارت اپنی مذہبی اقلیتوں اور ان کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔

قومی خبریں سے مزید