• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کو نیا پاسپورٹ جاری، کسی بھی وقت واپسی کا امکان

لندن (مرتضیٰ علی شاہ / جنگ نیوز ) حکومت پاکستان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کونیا پاسپورٹ جاری کردیا ہے جس کے ذریعہ وہ پاکستان کا سفر کرسکیں گےاور کسی بھی وقت ان کی واپسی کا امکان ہے ۔ انہیں ڈپلومیٹک نہیں عام پاسپورٹ دیا گیا ، شواہد اور ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کو نیا پاسپورٹ اسلام آباد میں جاری کیاگیا۔ پاسپورٹ کی نوعیت آرڈنری (معمول) کی ہے جسےارجنٹ بنیاد پرجاری کیاگیا۔ نواز شریف کانیا پاسپورٹ 10؍ سال کے لئےاپریل 2032ء تک کارآمد ہوگا۔ معتبر ذرائع سےمعلوم ہواہے کہ نواز شریف کی انگلیوں کے نشان 23؍ اپریل کو لندن کے پاکستانی ہائی کمیشن میں لینے تھے لیکن آخری وقت میںاپائنٹمنٹ منسوخ کردیا گیا جس کی وجہ معلوم نہیںہوسکی۔ واضح رہے کہ پاکستان کےنئے وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھاکہ نواز شریف کو نیا ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کیاجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تین بار وزیراعظم کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ اور پاکستان کی شہریت سےمحروم کرنا بدقسمتی ہے۔ نواز شریف کو ڈپلومیٹک نہیں بلکہ آرڈنری پاسپورٹ جاری کیاگیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے ممکنہ اجراء کو چیلنج کئےجانے کی درخواست مستردکردی۔ یہ پٹیشن نعیم حیدر ایڈووکیٹ نے دائرکی تھی۔

اہم خبریں سے مزید