گزشتہ روز ٹوئٹر کی خریداری کرنے والے ارب پتی ایلون مسک نے 5 برس قبل مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کی قیمت پوچھی تھی۔
ایلون مسک کی ٹوئٹر کی خریداری کو آفیشل بنائے جانے کے فوراً بعد، ان کا ایک پرانا ٹوئٹ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ پر وائرل ہورہا ہے۔
ایسا لگتا ہے کہ ٹوئٹر کافی عرصے سے ایلون مسک کے ذہن میں ہے، 21 دسمبر 2017 کو، مسک نے ایک ٹوئٹ کیا تھا کہ 'مجھے ٹوئٹر سے پیار ہے۔'
اس کے بعد ایک ٹوئٹر صارف نے مشورہ دیا تھا کہ ایلون مسک کو پوری کمپنی خرید لینی چاہیے، جس پر مسک نے جواب میں صارف سے قیمت پوچھی تھی۔
اب تقریباً پانچ سال بعد، مسک نے دوبارہ ٹوئٹر خریدنے کی بات کی، چند ہفتے پہلے، مارچ میں، مسک نے اپنے ٹوئٹر فالوورز سے پوچھا کہ کیا انہیں ایک نئی سوشل میڈیا کمپنی شروع کرنی چاہیے۔
ان کے فالوورز نے کہا کہ جب وہ ٹوئٹر خرید سکتے ہیں تو کچھ نیا کیوں شروع کریں، ایلون مسک نے اس تجویز کو سنجیدگی سے لیا اور ٹوئٹر سے معاہدہ کرلیا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے درمیان 44 ارب ڈالر میں فروخت کا معاہدہ طے پاگیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر نے ایلون مسک کی 54.20 ڈالر فی شیئر میں خریدنے کی پیشکش قبول کرلی ہے۔
معاہدے کے بعد ایلون مسک ٹوئٹر کے واحد سب سے بڑے شیئر ہولڈر بھی بن گئے۔
رپورٹس کے مطابق یہ اب تک کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کو خریدنے کا سب سےبڑا سودا ہے۔