• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے صاحبزادوں کی سعودی عرب کے سرکاری دورے کی تردید

لندن (مرتضیٰ علی شاہ)سابق وزیراعظم نواز شریف کے دو صاحبزادوں نے تردید کی ہے کہ ان کا وزیر اعظم شہباز شریف کے سرکاری خرچ پر سعودی عرب کے سرکاری دورے سے کوئی تعلق ہے۔ حسن نواز شریف اور حسین نواز شریف نے وضاحت کی ہے کہ کچھ ٹی وی چینلز پر جعلی خبریں چل رہی ہیں جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے سرکاری وفد کا حصہ ہیں۔ حسن نواز نے کہا کہ ان کے بارے میں جھوٹی خبریں چلائی گئیں کہ وہ شہباز شریف اور خاندان کے دیگر افراد سے ملنے لندن سے سعودی عرب جائیں گے۔ حسن کا کہنا تھا کہ ان کے سعودی دورے سے متعلق چلائی جانے والی خبریں مکمل طور پر جھوٹی ہیں اور بدنیتی کے ساتھ چلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا سعودی عرب جانے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔ حسن کا کہنا تھا کہ انہوںنے ویزا کے لیے اپلائی نہیں کیا اور وہ لندن میں ہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے والد کے ساتھ لندن میں ہیں اور ان کا جلد ہی کسی بھی وقت سعودی عرب جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ رابطہ کرنے پر حسین نواز نے بتایا کہ وہ اتوار 25 مارچ کو اپنے خرچ پر اور اکیلے سعودی عرب پہنچے تھے۔ حسین نواز کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خرچ پر جدہ آئے ہیں اور اپنے ہی گھر میں ٹھہرے ہوئے ہیں جو حرم سے ایک گھنٹے کے فاصلے پر ہے۔
اہم خبریں سے مزید