جامعہ کراچی خودکش دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی ایچ ای جے فارنزک لیبارٹری کو 4 افراد کے ڈی این اے نمونے موصول ہوئے ہیں، چاروں افراد کی لاشیں نا قابلِ شناخت ہیں۔
پاکستانی ڈرائیور کے اہل خانہ کے ڈی این اے حاصل کیے جا رہے ہیں، جبکہ غیر ملکی اساتذہ کے اہل خانہ کے ڈی این اے نمونے موجود نہیں ہیں۔
غیر ملکی افراد کے زیرِ استعمال اشیاء سے نمونے لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
گزشتہ روز جامعہ کراچی میں خودکش دھماکے میں متاثر ہونے والی گاڑی پر چینی قونصل جنرل کی جانب سے پھول رکھے گئے۔
پاکستان میں چینی سفارتخانے نے کراچی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی یونیورسٹی میں بم دھماکے میں 3 چینی شہریوں سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔